جمعہ, مئی 9, 2025
اشتہار

ملک بھر میں کل سے مون سون بارشوں کی پیشگوئی

اشتہار

حیرت انگیز

کراچی : محکمہ موسمیات نے کل سے کراچی سمیت ملک بھر میں مون سون بارشوں کا قوی امکان ظاہر کیا ہے، این ڈی ایم اے کی جانب سے ہر ممکن اقدامات کرنے کی ہدایات جاری کردی گئیں۔

تفصیلات کے مطابق موسم کا حال بتانے والوں کا کہنا ہے کہ ملک بھر میں 3جولائی سے 8 جولائی تک مون سون بارشوں کا قوی امکان ہے، بحیرہ عرب سے مرطوب ہوائیں ملک کے بالائی علاقوں میں داخل ہورہی ہیں۔

اس حوالے سے راولپنڈی، مری، گلیات، اٹک، چکوال، جہلم و دیگرشہروں میں گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان جبکہ آزاد کشمیر، گلگت بلتستان ،کے پی میں بھی بیشتر مقامات پر بادل گرج چمک کےساتھ برسیں گے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق اس دوران چند مقامات پر موسلادھار بارش اور ژالہ باری کی بھی توقع ہے
5سے8جولائی تک بارکھان، سبی، لورا لائی، قلات، خضدار، ژوب ،لسبیلہ، نصیر آباد میں تیز ہواؤں بارش کا امکان ہے۔

اس کے علاوہ ڈی آئی خان، بنوں، کرک، وزیرستان میں بھی گرج چمک کے ساتھ بادل برسیں گے، بھکر، لیہ، بہاولپور، بہاولنگر، راجن پور، ملتان، ساہیوال ،اوکاڑہ میں تیز ہوائیں اور بارش متوقع ہے۔

رواں ہفتے 7اور 8 جولائی کو اندرون سندھ کے شہروں سکھر، جیکب آباد، گھوٹکی، شہید بینظیر آباد مٹھی، نگر پارکر، میرپور خاص، ٹھٹھہ، بدین میں بارش متوقع ہے جبکہ کراچی میں بھی گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔

محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ موسلادھار بارشوں کے نتیجے میں آزاد کشمیر، گلگت بلتستان، گلیات، خیبر پختونخوا میں لینڈ سلائیڈنگ کا بھی خدشہ ہے جبکہ ڈی جی خان اور شمال مشرقی بلوچستان میں سیلابی صورتحال ہوسکتی ہے۔

موسم کا حال بتانے والوں کا کہنا ہے کہ موسلادھار بارشوں کے باعث کمزور انفرا اسٹرکچر کو نقصان پہنچنے کا امکان ہے لہٰذا تمام متعلقہ اداروں کو بھی الرٹ رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

علاوہ ازیں این ڈی ایم اے نے ریسکیو اداروں کو ایمرجنسی سروس پرسنلز کو الرٹ رکھنے کی ہدایت کرتے ہوئے پی ڈی ایم اے، این ایچ اے اور ضلعی انتظامیہ کو مراسلہ جاری کردیا ہے، جس میں تمام اداروں کو پیشگی اقدامات کرنے اور موٹروے پولیس، ٹریفک پولیس کو قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ رابطہ قائم کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

مراسلے میں سڑکوں پر کسی رکاوٹ کی صورت میں این ایچ اے ایف ڈبلیو او کے ساتھ رابطے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ سیلاب یا ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے بروقت اقدامات یقینی بنائیں، اربن فلڈنگ سے بچاؤ کے لیے نالوں اور رکاوٹوں کو صاف رکھیں۔

مراسلے میں ہدایت کی گئی ہے کہ دریاؤں، ندی نالوں اور شہری علاقوں میں پانی کی سطح کی نگرانی کی جائے، تمام ادارے نکاسی آب کا نظام رواں رکھنے کی کوشش کریں اور سیلاب زدہ علاقوں میں قبل از وقت وارننگ سسٹم کو فعال کریں۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں