لاہور: سابق وفاقی وزیر مونس الہیٰ کا کہنا ہے کہ میرے تمام اثاثے ڈکلیئر اور فائل کیے ہوئے ہیں، اپنے خلاف مقدمات کا سامناکروں گا۔
اے آر وائی نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے مسلم لیگ ق کے رہنما مونس الہیٰ نے اپنے خلاف ایف آئی اے کی جانب سے منی لانڈرنگ کی تحقیقات کی خبروں پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ خود پر لگے الزامات کی تفصیلات کا ابھی علم نہیں ہے لیکن اس طرح کےکیسز پہلی بار ہمارے خاندان پر نہیں بنے، ماضی میں بھی ہمارےخاندان کے خلاف انتقامی کارروائیاں ہوتی رہی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ان احمقوں سے کہتا ہوں میرا سب کچھ ڈکلیئر ہے، میرے تمام اثاثے ڈکلیئر اور فائل کیے ہوئے ہیں، اپنے خلاف مقدمات کا سامناکروں گا۔
مونس الہیٰ نے کہا کہ ان پر بجٹ کا دباؤ ہے اور بندے پورے نہیں ہورہے، یہ چاہتے ہیں کہ دباؤ ڈال کر بجٹ منظور کروائیں، یہ چاہےکتنے بھی کیسز بنالیں عمران خان کا ساتھ دینے کا اصولی فیصلہ کرلیا ہے، اب چاہے ہزار مقدمات بھی بنالیں تو بھی عمران خان کا ساتھ نہیں چھوڑیں گے۔
مونس الہی نے کہا کہ ہمارے خاندان کے تمام افراد پر بھی مقدمات بنالیں کوئی فرق نہیں پڑے گا، مجھےکہا گیا کوئی بات نہیں آپ سے غلطی ہوگئی واپس آجاؤ، ہمیں وزارتیں دینےکی بھی لالچ دی گئی، کہا گیا عمران خان کی حمایت ختم کردیں پرویز الٰہی کو وزیراعلٰی بنادیں گے۔
یہ بھی پڑھیں: ایف آئی اے کا مونس الہٰی کےخلاف تحقیقات کا فیصلہ
انہوں نے کہا کہ لالچ اور دیگر حربے ناکام ہوگئے تو اب یہ انتقامی کارروائیوں پر اتر آئے ہیں، ہماری پارٹی کےتمام لوگ متفق ہیں کہ خان صاحب کے ساتھ کھڑے رہنا ہے، پنجاب کے بجٹ اجلاس سے متعلق تمام چیزیں آج رات فائنل کرلیں گے۔