برطانیہ سے اسپورٹس جوتے پاکستان پہنچتے ہی مزید مہنگے ہوگئے، صاحب عصرہ کے اسپائکس کی قیمت پچپن ہزار روپے جب کہ ٹیکس اڑسٹھ ہزار روپے عائد کر دیا گیا۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق برطانیہ سے تحفتاً بھیجے جانے والے ایتھلیٹکس اسپائکس پاکستان پہنچتے ہی مزید مہنگے ہوگئے، اسپائکس جوتے کی قیمت پچپن ہزار روپے ہے جبکہ اس پر اڑسٹھ ہزار روپے کا ٹیکس عائد کردیا گیا ہے۔
پاکستانی ایتھلیٹ صاحب عصرہ کی مشکلات اس وقت بڑھ گئیں جب نجی کوریئر کمپنی نے بھاری ٹیکس کی ادائیگی کا مطالبہ کردیا۔
اس حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے صاحب عصرہ نے بتایا کہ برطانیہ سے ایک جاننے والے نے تحفتاً جوتے بھیجےہیں، بھاری ٹیکس کی ادائیگی کرنا ممکن نہیں۔
صاحب عصرہ نے کہا کہ ایشین گیمز کی تیاریاں شروع کرنی ہیں جس میں اب مسئلہ ہوگا، سو میٹر سمیت ریلے ریس کی بھی تیاری کرنی ہے۔
واضح رہے کہ صاحب عصرہ ساوتھ ایشین گیمز 2019 کی سلور میڈلسٹ ہیں، خاتون ایتھلیٹ ملکی سطح پر بھی کافی میڈلز جیت چکی ہیں، کوئٹہ میں ہونے والے نیشل گیمز میں انھوں نے 3 گولڈ میڈلز جیتے ہیں۔