اسلام آباد: وزیراعظم کے معاونِ خصوصی برائے صحت ڈاکٹر فیصل سلطان نے انکشاف کیا ہے کہ دو کروڑ سے زائد پاکستانیوں نے تاحال کرونا ویکسین کی دوسری خوراک حاصل نہیں کی۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت وفاقی کابینہ اجلاس کا اجلاس ہوا، جس میں پندرہ نکاتی ایجنڈے پر غور کیا گیا۔
معاون خصوصی ڈاکٹرفیصل نے کابینہ اراکین کو اومی کرون کے پیش نظر خطرات اور حفاظتی اقدامات پر بریفنگ بھی دی، جس پر کابینہ نے ملک بھر میں ویکسی نیشن کو مزید تیز، سماجی فاصلے کو برقرار رکھنے اور ماسک پہننے کی ضرورت پر زور دیا۔
معاونِ خصوصی نے کابینہ اراکین کے سامنے انکشاف کیا کہ پاکستان میں 2کروڑ افراد نے ویکسین کی دوسری ڈوز نہیں لگوائی، یہ بہت تشویشناک بات ہے۔
کابینہ اراکین نے اپیل کی کہ عوام جلدسےجلد دوسری ڈوز لگوالیں تاکہ کرونا پھیلاؤ کو روکاجاسکے۔ معاونِ خصوصی نے اراکین کو اس بات سے بھی آگاہ کیا کہ دوسری خوراک حاصل کرنے والوں کا قوتِ مدافعت 17 گنا سے زائد بڑھ جاتا ہے۔
یاد رہے کہ حکومتِ پاکستان کی جانب سے شہریوں کو مفت کرونا ویکسین فراہم کی جارہی ہے، جو 12 سال سے زائد عمر کے لوگوں کے لیے تمام سینٹرز پردستیاب ہے۔