اسلام آباد : وزارت داخلہ کا کہنا ہے کہ دوہزارچودہ سے دوہزارسولہ کے دوران ایک سو تینتیس ملکوں سے دولاکھ چھیاسٹھ ہزار سے زائد پاکستانی بے دخل کیے گئے۔
تفصیلات کے مطابق وزارت داخلہ نے مختلف ملکوں سے بے دخل کیے گئے پاکستانیوں کی تفصیلات تیار کرلیں، وزارت داخلہ کے مطابق یہ تفصیلات صرف تین سال کے دوران بے دخل کیے گئے پاکستانیوں کی ہیں۔
وزارت داخلہ کی رپورٹ کے مطابق 2014 سے 2016 تک ایک سو تینتیس ملکوں سے دو لاکھ چھیاسٹھ ہزار چار سو بارہ پاکستانیوں کو بے دخل کیا گیا ۔ وزارت داخلہ کے مطابق یہ تفصیلات صرف تین سال کے دوران بے دخل کیے گئے پاکستانیوں کی ہیں، زیادہ تر پاکستانی سعودی عرب، عمان ،ملائیشیا، یو اے ای سے بے دخل ہوئے، ترکی، برطانیہ اور یونان سے بھی متعدد پاکستانی بے دخل کیے گئے۔
رپورٹ کے مطابق سال 2014 میں اٹھتر ہزار چار سو نو پاکستانیوں کو مختلف ممالک سے بے دخل کیا گیا، سال 2015 میں ایک لاکھ سولہ ہزارایک سو پچاسی پاکستانی مختلف ملکوں سے بے دخل کیے گئے ۔
سال 2016 کے دوران اکہتر ہزار آٹھ سو چھیاسی پاکستانی مختلف ملکوں سے بے دخل ہوئے۔
رپورٹ میں سمندری و زمینی راستے سے بے دخل پاکستانیوں کے اعدادوشمار بھی شامل ہیں۔