جمعرات, جولائی 3, 2025
اشتہار

تفتان بارڈر سے مزید 757 زائرین سکھر قرنطینہ سینٹر منتقل

اشتہار

حیرت انگیز

سکھر : کرونا وائرس کی تشخیص کے لیے تفتان بارڈر سے مزید 757 زائرین کو سکھر قرنطینہ سینٹر منتقل کردیا گیا ، قرنطینہ سینٹر میں زائرین کی تعداد 1050 ہوگئی، جس کے بعد سیکیورٹی کے انتظامات مزید سخت کردیئے گئے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق کرونا وائرس کی تشخیص کے لیے تفتان بارڈر پر پھنسے مزید 757 زائرین کو 18 کوچز کے ذریعے سکھر کے قرنطینہ سینٹر پہنچا دیا گیا ہے، زائرین کو سخت سیکورٹی میں بارڈر سے سکھر لایا گیا اور فوری طور پر قرنطینہ سینٹر منتقل کردیا گیا ہے، زائرین میں خواتین اور بچے بھی شامل ہیں۔

زائرین کو قرنطینہ سینٹر پہنچانے کے بعد وہاں پر سیکیورٹی کے انتظامات مزید سخت کردیئے گئے ہیں، ان زائرین کی آمد سے قبل 293 زائرین پہلے ہی قرنطینہ سینٹر میں موجود تھے اور اب مزید 757 زائرین کے آنے سے وہاں پر زائرین کی تعداد 1050 سے زائد ہوگئی ہے۔

تفتان سے 293 زائرین کو 14 مارچ کو سکھر لایا گیا تھا، ٹیسٹ کے بعد 143 زائرین میں کرونا وائرس کی موجودگی کی تصدیق ہوئی تھی جبکہ 147 زائرین کو نارمل قرار دیا گیا ہے۔

سکھر آنے والے 757 زائرین میں وائرس کی تشخیص کے لیے ٹیسٹ اور اسکریننگ کی جائے گی۔

واضح رہے کہ پاک ایران ‘‘تفتان سرحد‘‘ پر ابھی بھی درجنوں زائرین موجود ہیں جبکہ متعدد زائرین کی ایران میں موجودگی کی بھی اطلاعات ہیں۔ بلوچستان حکومت تمام زائرین کو ان کے صوبوں تک پہنچانے کے لیے ہرممکن اقدامات کررہی ہے۔

خیال رہے پاکستان میں کروناوائرس کےمریضوں کی تعداد 240 سے تجاوز کر گئی جبکہ سندھ میں نو نئے کیسز رپورٹ ہونے کے بعد متاثرین کی تعداد ایک سواکیاسی ہوگئی، سکھرمیں 134 ،کراچی میں 36 اور حیدرآبادمیں ایک مریض قرنطینہ سینٹر میں موجود ہیں۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں