اسلام آباد : پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی ( پی ٹی اے) اور ایف آئی اے نے مشترکہ کارروائیوں میں 7 ہزار سے زائد پری ایکٹیویٹڈ بین الاقوامی سمیں برآمد کرلیں اور متعدد افراد کو گرفتار کیا۔
تفصیلات کے مطابق پی ٹی اے اور ایف آئی اے کی غیر قانونی بین الاقوامی سموں پر مشترکہ کاروائیاں کیں، ملتان، لاہور، فیصل آباد، گوجرانوالہ، راولپنڈی اور کراچی میں کامیاب چھاپے مارے۔
کاروائیوں کے دوران ہزاروں کی تعداد میں غیر قانونی اور پری ایکٹیویٹڈ بین الاقوامی سمیں ضبط کرلیں گئیں۔
پی ٹی اے نے کہا ملتان میں پانچ چھاپوں کے دوران 7,064 سمیں برآمد ہوئیں، ملتان میں کاروائی کے نتیجے میں آٹھ افراد گرفتار کر لئے گئے۔
لاہور اور گوجرانوالہ میں مجموعی طور پر 252 سمیں قبضے میں لے لی گئیں، دونوں شہروں سے دو دکاندار موقع پر ہی گرفتار کر لیے گئے۔
راولپنڈی میں کاروائی کے دوران متعدد غیر قانونی سمیں برآمد ہوئیں، برآمد سموں میں 335 یو کے سمز بھی شامل ہیں۔
کراچی میں 10 سمز برآمد ہوئیں اور دکاندار کو بھی گرفتار کر لیا گیا۔