جسم میں وٹامن ڈی کی کمی کو پورا کرنے کیلیے صبح کی دھوپ سے بہتر کوئی قدرتی ذریعہ نہیں، لیکن اس کے مزید فوائد بھی ہیں لیکن کیا آپ ان سے واقف ہیں؟
زیرنظر مضمون میں صبح کی دھوپ اور اس کے زبردست فوائد اور اسے حاصل کرنے کے طریقوں سے متعلق آگاہ کیا گیا ہے، جس پر عمل کرکے آپ صحت مند زندگی گزار سکتے ہیں۔
ہر شخص اس بات سے بخوبی واقف ہے کہ وٹامن ڈی ہمارے جسم کے لیے ضروری ہے اور اس وٹامن کے حصول کا بہترین ذریعہ سورج ہے اگر صبح سویرے کی پہلی دھوپ میں ٹہلا جائے تو یہ سب سے بہترین ذریعہ ہے، لیکن آج کی تیز رفتار زندگی میں لوگوں کو صبح کی دھوپ میں ٹہلنے کے لیے زیادہ وقت نہیں ملتا اور یہ بات ہمارے جسم پر منفی اثر ڈال سکتی ہے۔
اس حوالے سے بھارتی ڈاکٹر دیویا گپتا کا کہنا ہے کہ وٹامن ڈی ہڈیوں کی صحت کو برقرار رکھتا ہے، وزن کم کرنے میں مدد کر سکتا ہے، قوت مدافعت کو بڑھاتا ہے، اعصابی نظام کے لیے بھی کافی مفید ہے اور دماغی الجھن سے نجات دلاتا ہے۔
جاپان کی اوساکا میٹروپولیٹن یونیورسٹی کے محققین کے مطابق اس طریقہ کار کے تحت سورج کی 20 منٹ کی روشنی لینا بہتر ہے، صبح کی دھوپ لینے سے آپ خود کو الرٹ اور تازہ دم محسوس کریں گے۔
اکثر لوگوں کو نیند پوری کرکے صبح جاگنے کے باوجود بے چینی، تھکاوٹ اور غنودگی کی کیفیت محسوس ہوتی ہے؟ ایسے میں اگر سورج کی شعاعوں کا سامنا کیا جائے تو اس سے آپ کا موڈ بھی ٹھیک ہوگا اور آپ اپنے اندر توانائی بھی محسوس کریں گے۔
وٹامن ڈی سے ہمارے جسم کو پہنچنے والے بہت سے فوائد میں سے ایک ہماری ہڈیوں کو مضبوط بنانا بھی شامل ہے، چونکہ وٹامن ڈی ہماری آنتوں کے خلیوں میں جمع ہوتا ہے، لہٰذا ہمیں اپنے کیلشیم کی مقدار کو بہتر طریقے سے جذب کرنے میں مدد دیتا ہے، جس کے نتیجے میں ہڈیاں صحت مند اور مضبوط ہوتی ہیں۔
ایک تحقیق کے مطابق سورج سے حاصل ہونے والا وٹامن ڈی جسم میں کیلشیم اور فاسفیٹ کے ہاضمے کو بڑھانے میں مدد کرتا ہے جو کہ ہڈیوں، دانتوں اور پٹھوں کو مضبوط اور صحت مند بنانے میں مزید مدد کرتا ہے۔