ایف آئی اے گجرات نے مراکش کشتی حادثے میں ملوث انسانی اسمگلر عدیل احمد کو گرفتار کرلیا۔
تفصیلات کے مطابق وفاقی تحقیقاتی ادارہ (ایف آئی اے) کمپوزٹ سرکل گجرات اور ڈی جی خان نے مظفر گڑھ میں مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے مراکش کشتی حادثے میں ملوث انسانی اسمگلر کو گرفتار کرلیا، ملزم کی شناخت عدیل احمد کے نام سے ہوئی ہے، گرفتار ملزم مراکش کشتی حادثے میں ملوث پایا گیا ہے۔
ایف آئی اے ترجمان کے مطابق ملزم ایف آئی اے کمپوزٹ سرکل گجرات کو مطلوب تھا، ملزم کو چھاپہ مار کارروائی میں مظفر گڑھ سے گرفتار کیا گیا، ملزم نے دیگر ساتھیوں کے ساتھ مل کر متاثرہ ریحان اسلم کو اسپین بھجوانے کے لئے 40 لاکھ روپے کا معاہدہ کیا تھا۔
ترجمان کا کہنا تھا کہ متاثرہ کے گھر والوں نے رقم گرفتار ملزم کے بینک اکاونٹ میں ٹرانسفر کیں ملزمان کی جانب سے متاثرہ کو پہلے پاکستان سے دبئی اور بعد ازاں دبئی سے ایتھوپیا، سینیگال بھجوایا گیا، ملزم نے دیگر ساتھیوں کے ساتھ مل کر متاثرہ کو کشتی کے ذریعے موریطانیہ سے اسپین اسمگلنگ کی کوشش کی گئی لیکن کشتی حادثے میں متاثرہ کی موت واقع ہوئی۔
ترجمان ایف آئی اے کے مطابق متاثرہ کا تعلق جوڑہ کھاریاں سے ہے ملزم کے خلاف مقدمہ درج کر کے تفتیش کا آغاز کر دیا گیا گینگ کے دیگر ملزمان کی گرفتاری کے لئے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔
ایف آئی اے ترجمان کا کہنا ہے کہ شتی حادثات میں ملوث عناصر کے خلاف کریک ڈاون جاری رہے گا بین الاقوامی سطح پر انسانی سمگلنگ کے نیٹ ورک کو جڑ سے ختم کیا جائے۔