منگل, فروری 4, 2025
اشتہار

مراکش کشتی حادثے میں ملنے والی 13 لاشوں کا تعلق پاکستان سے ثابت ہو گیا

اشتہار

حیرت انگیز

اسلام آباد: مراکش کشتی حادثے میں ملنے والی 13 لاشوں کا تعلق پاکستان سے ثابت ہو گیا۔

تفصیلات کے مطابق مراکش کشتی حادثے میں ملنے والی تیرہ لاشوں کی شناخت کا عمل مکمل کر لیا گیا، سفارتی ذرائع کا کہنا ہے کہ مقامی حکام کو صرف تیرہ لاشیں ہی ملی تھیں، اور تمام لاشوں کا تعلق پاکستان سے ثابت ہو گیا ہے۔

یاد رہے کہ 15 جنوری کو کشتی واقعے میں 44 پاکستانیوں کے جاں بحق ہونے کی اطلاعات تھیں۔

پاکستانی سفارت خانہ کے ذرائع کا کہنا ہے کہ لاشیں ناقابل شناخت اور بغیر دستاویز تھیں، اس لیے میتوں کی شناخت کے لیے نادرا کی خدمات حاصل کی گئیں، فنگر پرنٹ اور تصاویر نادرا کو بھجوائی گئیں تھیں۔ نادرا کی تصدیق کے بعد فہرستیں مرتب کی گئیں۔

مراکش کشتی حادثہ: ڈی پورٹ ہونے والے پاکستانیوں نے اپنے ایجنٹس کے نام اور ثبوت فراہم کردیئے

واضح رہے افریقی ملک موریطانیہ سے غیر قانونی طور پر اسپین جانے والوں کی کشتی کو حادثہ پیش آیا تھا جس کے نتیجے میں 44 پاکستانیوں سمیت 50 تارکین وطن ہلاک ہو گئے تھے۔

ترجمان ایف آئی اے کے مطابق کشتی کے بدقسمت مسافروں نے غیر قانونی طریقے سے اسپین براستہ سینیگال جانے کی کوشش کی تھی، انھوں نے پاکستانی ایجنٹوں سے 16 لاکھ سے 25 لاکھ روپے فی کس میں معاملات طے کیے تھے۔

کشتی میں زندہ بچ جانے والے 22 پاکستانی ڈی پورٹ ہو کر واپس آئے تو انھوں نے حکام کو اپنے ایجنٹوں کے نام اور ثبوت فراہم کیے، جس پر ایک ایجنٹ کی گرفتاری بھی عمل میں لائی گئی۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں