وزیرآباد : مراکش کشتی حادثہ میں وزیرآبادکا شہزاد بھی جان سے ہاتھ دھوبیٹھا ، جس نے اسمگلر کو 45 لاکھ دیکرموت خریدی۔
تفصیلات کے مطابق مراکش کشتی حادثے میں جاں بحق افراد میں وزیر آباد کا شہزاد نامی نوجوان بھی شامل ہے۔
غم سے نڈھال اہلخانہ نے بتایا ہے شہزاد کو تشدد کرکے قتل کیا اور سمندر میں پھینک دیا گیا جبکہ مقامی ایجنٹ حادثے کی خبر کے بعد روپوش ہوگئے۔
اہلخانہ کا کہنا تھا کہ شہزادولایت بٹ تین ماہ قبل اسپین جانے کے لیے گھرسےنکلا تھا اور ایجنٹوں سے ہوائی سفر کے معاملات طے کیے۔
مزید پڑھیں : حکومت کا مراکش کشتی حادثے کی اعلیٰ سطح تحقیقات کرانے کا فیصلہ
وزیرآباد کے انسانی اسمگلر عامر اور حافظ عثمان نے 45 لاکھ روپے میں معاملہ طے کیا جبکہ تیسرے ساتھی ایجنٹ رانا لیاقت جس کا تعلق گوجرانوالہ سے ہے کے ہمراہ پاکستان سے ماریطانیہ بھیجا تھا۔
نوجوان ڈھائی ماہ ماریطانیہ سے اسپین جانےکےلیےانتظار کرتا رہا، اہلخانہ سے دس روز پہلے رابطہ ہوا تھا۔
اہلخانہ کا کہنا تھا کہ شہزاد نے بتایا تھا کہ ایجنٹوں نے بھوکا پیاسا رکھا، تشدد کا نشانہ بھی بنایا۔
خیال رہے حادثے میں جاں بحق پندرہ پاکستانیوں کی شناخت ہوگئی ہے، کشتی موریطانیہ سےاسپین جارہی تھی کہ مراکش کےقریب سمندرمیں ڈوب گئی تھی۔