فٹبال ورلڈ کپ میں جہاں مراکش پہلی بار سیمی فائنل میں پہنچ کر دنیا بھر سے داد وصول کر رہا ہے وہیں گول کیپر یاسین بونو بھی توجہ کا مرکز بن گئے ہیں۔
قطر میں جاری فٹبال ورلڈ کپ میں ایک جانب جہاں مراکش سیمی فائنل میں رسائی حاصل کرنے والی پہلی عرب مسلم ٹیم کا اعزاز پانے کے ساتھ اپنے شاندار کھیل کے باعث دنیا بھر سے داد وصول کر رہی ہے وہیں مراکشی گول کیپر یاسین بونو بھی توجہ کا مرکز بن گئے ہیں اور دنیائے فٹبال میں انہیں سیسہ پلائی دیوار یا چٹان کا خطاب دیا جا رہا ہے۔
یاسین بونو کو اگر سیسہ پلائی دیوار کہا جا رہا ہے تو غلط نہیں ہے کیونکہ ایونٹ میں اب تک کوئی بھی اسٹرائیکر ان کے خلاف گول کرنے میں کامیاب نہیں ہوسکا ہے اور مراکش کی سیمی فائنل میں رسائی کا سہرا یاسین بونو کے سر جاتا ہے جو اب تک اپنی ٹیم کا اہم ہتھیار ثابت ہوئے ہیں۔
ورلڈ کپ کے اب تک مراکش کے 5 میچز میں کوئی مخالف کھلاڑی یاسین بونو کو چکمہ نہ دے سکا اور ہر فٹبالر کے لیے ان کے خلاف گول کرنا چیلنج بنا رہا ہے۔
یاسین بونو گول بچانے کھڑا ہو تو پنالٹی شوٹ پر اسپینش اسٹارز بھی گیند کو جال میں نہ پہنچا سکے۔ رونالڈو بھی ان کے سامنے بے بس نظر آئے۔
اس میگا ایونٹ میں مراکش کیخلاف ہونے والا واحد گول ڈیفینڈر سے ڈیفلیکٹ ہوا۔
یاسین بونو ناقابل تسخیر بننے سے اب صرف دو میچز کی دوری پر ہیں۔