کراچی : سندھ اسمبلی میں بھنبھناتے مچھروں نے اراکین اسمبلی کو توجہ دلانے پر مجبور کردیا۔اسپیکر سندھ اسمبلی اور ایم کیوایم کے ڈاکٹر ظفر کمالی میں مچھروں پر دلچسپ جملوں کا تبادلہ ہوا۔
سندھ اسمبلی میں آج کارروائی کے دوران بن بلایا مہمان ”مچھر” زیرِ بحث رہا، عوامی مسائل پر توجہ دلاتے ہوئے اراکینِ اسمبلی مچھر سے پریشان رہے اور اسپیکر سے شکایت کر دی۔
ایم کیو ایم پاکستان کے میر پورخاص سے منتخب رکنِ صوبائی اسمبلی ڈاکٹر ظفرکمالی محکمہ خوراک کی لیبارٹری پرتوجہ دلاؤ نوٹس پر بات کر رہے تھے کہ مچھر کے بار بار تنگ کرنے پر بات کا رُخ مچھر کی طرف موڑ دیا اور اسپیکر صوبائی اسمبلی سے مچھروں کی موجودگی کی شکایت کر دی۔
توجہ دلاؤ نوٹس پر اسپیکر سندھ اسمبلی آغا سراج درانی نے بھی ڈاکٹر ظفر کمالی کو خوب لقمہ دیا، کہنے لگے کہ ابھی اسپرے نہیں کرواسکتے ورنہ سب بے ہوش ہوجائیں گے۔
سینیئر صوبائی اسمبلی وزیر نثار کھوڑو نے ڈاکٹر ظفر کمالی کو تسلی دیتے ہوئے کہا کہ فکر نہ کریں یہ عام سا مچھر ہے کوئی ڈینگی مچھر نہیں ہے اس لیے بے فکر ہو جائیں۔
اسپیکر صوبائی اسمبلی نے مزید چٹکلہ چھوڑا کہ لگتاہے یہ آپ کا کوئی پسندیدہ مچھر ہے جو آپ کے ساتھ ساتھ سیشن میں شریک ہوا ہے۔