کراچی: سندھ میں ماں اور نوزائیدہ بچے کے لیے مفت سہولتوں کے پروگرام کا انعقاد ہوا، پروگرام کے تحت دوران حمل ماں کا مفت چیک اپ اور ایک ہزار روپے وظیفہ دیا جائے گا جبکہ بچے کی پیدائش سے 2 سال کی عمر تک دونوں کو سہولتیں دی جائیں گی۔
تفصیلات کے مطابق وزیر اعلیٰ ہاؤس میں ماں اور بچے کو مفت سہولتوں کے پروگرام کا انعقاد ہوا۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ پائلٹ پروجیکٹ پہلے تھر پارکر اور عمر کوٹ اضلاع میں شروع کیا گیا۔ پروگرام کو دیگر اضلاع میں بھی شروع کیا جائے گا۔
وزیر اعلیٰ کا کہنا تھا کہ منصوبہ عالمی ادرہ صحت کے عین اصولوں کے شروع کیا جارہا ہے، سہولتیں ماں اور بچے کے لیے پہلے ایک ہزار دن تک ہوں گی۔ دوران حمل ماں کا مفت چیک اپ اور ایک ہزار روپے وظیفہ دیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ پروگرام بچے کی پیدائش سے 2 سال کی عمر تک جاری رہے گا۔
وزیر اعلیٰ کا کہنا تھا کہ ماں کی رجسٹریشن کے لیے ایم آئی ایس سسٹم کی ایپ متعارف کروائی گئی ہے، ایپ کے ذریعے حاملہ خاتون کا مکمل کمپیوٹرائزڈ ریکارڈ بنتا جائے گا۔