ازبکستان میں 3 سالہ بچی کو جان بوجھ کر ریچھ کے پنجرے میں پھینکنے کے بعد ایک ماں کو عدالتی کارروائی کا سامنا ہے۔
مقامی میڈیا رپورٹ کے مطابق واقعہ ازبک دارالحکومت تاشقند کے ایک چڑیا گھر میں پیش آیا جو سرویلنس کیمرے میں ریکارڈ ہوگیا۔
فوٹیج میں دیکھا جاسکتا ہے کہ ماں بچی کو گود میں لیے ریچھ کے احاطے کے قریب جنگلے کے پاس کھڑی ہے، اچانک بچی اس کے ہاتھ سے نیچے جا گرتی ہے۔
بچی کو نیچے گرتا دیکھ کر ریچھ تیزی سے اس کے قریب جاتا ہے لیکن خوش قسمتی سے وہ اسے کوئی نقصان نہیں پہنچاتا اور صرف سونگھ کر دور ہوجاتا ہے۔
اسی دوران چڑیا گھر کا عملہ بھی وہاں پہنچ جاتا ہے، کچھ افراد ریچھ کو قریب موجود احاطے میں ہنکاتے ہیں جس کے بعد اس کے احاطے سے بچی کو بحفاظت ریسکیو کرلیا جاتا ہے۔
نیچے گرنے سے بچی کے دماغ پر چوٹ لگی ہے جبکہ جسم پر بھی خراشیں آئی ہیں۔
وہاں موجود افراد کا کہنا ہے کہ انہیں اندازہ ہوگیا تھا کہ ماں کچھ گڑبڑ کرنا چاہتی ہے اور وہ اسے روکنا چاہتے تھے لیکن پھر پلک جھپکتے میں ہی یہ ناخوشگوار واقعہ ہوگیا۔
پولیس نے ماں کو گرفتار کرلیا ہے اور اس پر اقدام قتل کا مقدمہ چلایا جارہا ہے۔