بھارتی ریاست اتر پردیش میں عجیب و غریب واقعہ پیش آیا جہاں خاتون اپنی شادی شدہ بیٹی کے سسر کی محبت میں گرفتار ہو کر اس کے ساتھ فرار ہوگئی۔
چند روز قبل علی گڑھ کی ایک خاتون اپنی بیٹی کے منگیتر کے ساتھ محبت میں گرفتار ہو کر فرار ہوئی تھی اور اب اتر پردیش سے بھی ایسا ہی ایک اور غیر معمولی کیس سامنے آگیا۔
یہ بھی پڑھیں: بیٹی کی شادی سے چند روز قبل ماں ہونے والے داماد کے ساتھ بھاگ گئی
انڈین میڈیا کی رپورٹس کے مطابق بدایوں کی رہائشی خاتون 43 سالہ ممتا بیٹی کے سسر 46 سالہ شیلیندر عرف بلو کے ساتھ فرار ہوئی۔
ممتا کا شوہر سنیل کمار پیشے کے لحاظ سے ٹرک ڈرائیور ہے اور کام میں طویل سفر کی وجہ سے مہینے میں صرف ایک یا دو بار گھر چکر لگاتا تھا۔
سنیل کمار نے پولیس حکام کو بتایا کہ بیوی نے میری غیر موجودگی میں بیٹی کے سسر سے تعلقات قائم کیے، میں ممتا کو باقاعدگی سے پیسے بھیجتا تھا، چونکہ میں ٹرک ڈرائیور ہوں لہٰذا مہینے میں صرف ایک یا دو بار گھر آتا ہوں۔
انہوں نے بتایا کہ ممتا گھر سے زیورات اور نقدی لے کر شیلیندر کے ساتھ فرار ہوئی۔
سنیل کمار اور ممتا کے چار بچے ہیں جن میں سے ایک بیٹی کی شادی 2022 میں ہوئی تھی۔
ٹرک ڈرائیور نے شیلیندر کے خلاف مقامی پولیس اسٹیشن میں شکایت درج کروا دی۔ پولیس حکام نے کہا کہ شکایت موصول ہوئی ہے، معاملے کی تحقیقات کر رہے ہیں۔