مصر میں 5 ماہ کی بیٹی فروخت کرنے والی گداگر خاتون کو گرفتار کرلیا گیا، بچی کو کئی افراد نے خریدا جس کے بعد قانون نافذ کرنے والے حرکت میں آگئے۔
بین الاقوامی ویب سائٹ کے مطابق مصر کے شہر المنصورۃ میں ایک عورت نے اپنی 5 ماہ کی بچی کو 7 ہزار مصری پونڈ میں فروخت کردیا۔
المنصورہ شہرمیں سراغ رساں ادارے کے ڈائریکٹر کو اطلاع ملی کہ کار پارکنگ میں کام کرنے والے نے ایک بچی کو اغوا کرلیا ہے، سیکیورٹی فورس کے اہلکاروں نے ملزم کو گرفتار کرلیا جس کے خلاف اغوا کی رپورٹ درج کروائی گئی تھی۔
ملزم نے بتایا کہ کیس اغوا کا نہیں بلکہ بردہ فروشی کا ہے، اس نے یہ بھی بتایا کہ اس نے جس خاتون سے بچی خریدی ہے اسے وہ ایک عرصے سے جانتا ہے۔
مذکورہ عورت المنصورہ شہر کی سڑکوں پر گداگری کرتی ہے، اس نے اپنی بچی ایک سوڈانی خاتون کے ہاتھوں فروخت کی۔ میرا کردار صرف ثالث کا تھا، میں نے بچی کو اغوا نہیں کیا۔
ملزم نے یہ بھی بتایا کہ اس نے 7 ہزار پونڈ دے کر مصری خاتون سے اس کی بچی وصول کر کے ایک اور خاتون کے حوالے کی جس کا نام اسما ہے اور اس کی عمر 56 برس ہے۔
بعد ازاں مذکورہ خاتون سے پوچھ گچھ کی گئی تو اس نے بچی کے سودے کا اعتراف کرتے ہوئے کہا کہ میں نے مجبوراً یہ بچی حاصل کی ہے کیونکہ میں بے اولاد ہوں اور میں ماں نہیں بن سکتی، لبنان میں مقیم ایک مصری دوست نے مجھے یہاں مصر سے بچی خریدنے کا مشورہ دیا تھا۔
مذکورہ واقعے میں ملوث تمام افراد کے خلاف قانونی کارروائی شروع کردی گئی ہے، پورا کیس پبلک پراسیکیوشن کے حوالے کیا جائے گا۔