کولمبیا: امریکی ریاست جنوبی کیرولینا کے ایک علاقے میں شقی القلب ماں نے اپنے ننھے بچے کو گاڑی میں بند کر کے گاڑی کو آگ لگا دی۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق جنوبی کیرولینا کے علاقے کولمبیا میں 23 سالہ خاتون کیلن ایلس واٹسن نے اپنے 14 ماہ کے بیٹے کو کار میں بند کر کے اسے آگ لگا دی، پولیس نے اسے اقدام قتل کے جرم میں گرفتار کر لیا۔
کولمبیا پولیس کا کہنا تھا کہ خاتون نے کار کو قصداً آگ لگائی جب کہ اس وقت اس کا بیٹا بھی اندر موجود تھا، پولیس نے خاتون کو گرفتار کر کے اقدام قتل، فرسٹ اور تھرڈ ڈگری آتش زنی، بدسلوکی، اور بچے کو جسمانی طور پر شدید چوٹ پہنچانے کے الزامات میں جیل بھجوا دیا۔
پولیس کے مطابق یہ واقعہ اتوار کی دوپہر کو پیش آیا تھا، اس وقت چار راہ گیروں نے کار کو آگ لگتے دیکھ کر فوراً 911 پر کال کی اور بچے کو کار سے نکالنے میں مدد کی۔ پولیس کا کہنا ہے کہ بچہ شدید طور پر جل گیا ہے، اور جارجیا کے اسپتال میں اس کی حالت تشویش ناک ہے۔
چوروں کی حیرت انگیز حکمت عملی، نقاب کی جگہ تربور ‘اوڑھ’ لیے
واقعے میں بچے کی ماں واٹسن بھی معمولی جل گئی تھی، تاہم طبی امداد فراہم کرنے کے بعد اسے جیل بھجوا دیا گیا ہے، پولیس کا کہنا تھا کہ خاتون کو اس وقت گرفتار کیا گیا جب اس بات کا ثبوت ملا کہ آگ قصداً لگائی گئی تھی۔
پولیس کے مطابق ماں کی جانب سے کار کو آگ لگانے کی وجہ معلوم نہیں ہو سکی ہے۔ کیلن ایلس واٹسن کے ساتھ اسکول میں پڑھنے والی ایک خاتون نے میڈیا کو بتایا کہ یہ واقعہ میرے لیے صدمے سے کم نہیں تھا، میں سوچ بھی نہیں سکتی کہ کوئی سمجھ دار شخص ایک بچے کے ساتھ ایسا کر سکتا ہے۔