بدھ, مئی 14, 2025
اشتہار

ملتان: ماں کو کمرے میں قید کر کے تشدد کرنے کا انکشاف

اشتہار

حیرت انگیز

شجاع آباد: ملتان کے ایک نواحی علاقے میں بیٹوں نے ماں کو کمرے میں قید کر دیا، بد بخت اولاد نے ماں کو بد ترین تشدد کر کے شدید زخمی کر دیا۔

تفصیلات کے مطابق ملتان کی تحصیل شجاع آباد میں بیٹوں نے ماں کو کمرے میں بند کر کے تشدد کا نشانہ بنایا، ایک بھائی نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ ان کے بھائی ماں پر تشدد کر رہے ہیں۔

بھائی کا کہنا ہے کہ وہ روزگار کے سلسلے میں راولپنڈی میں ہیں، انھیں محلے والوں نے فون پر اطلاع دی کہ بھائی ماں کے ساتھ بد سلوکی کر رہے ہیں۔

انھوں نے کہا بھائیوں کے تشدد سے والدہ کے دونوں ٹانگوں پر زخم پڑ چکے ہیں، جس کے باعث ماں نذیراں بی بی کو تشویش ناک حالت میں اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں:  لاہور، سنگ دل بیٹے نے کلہاڑی کے وار سے ماں‌ کو زخمی کردیا

ادھر میاں چنوں کے علاقے شمس پورہ میں خرچہ مانگنے پر شوہر نے بیوی پر تشدد کر کے زخمی کر دیا، خاوند کے تشدد سے خاتون کے منہ اور جسم کے دیگر حصوں پر تشدد کے نشانات بن گئے۔

متاثرہ خاتون نے تھانہ سٹی میں شوہر کے خلاف کارروائی کے لیے درخواست دے دی، پولیس کا کہنا ہے کہ مدعیہ کی درخواست اور میڈیکل رپورٹ کے بعد کارروائی ہوگی۔

متاثرہ خاتون کا کہنا ہے کہ شوہر شراب پیتا ہے، جوا کھیلتا ہے اور مجھ پر تشدد کرتا ہے، 7 سال پہلے شادی ہوئی، مجبور ہو کر انصاف کے لیے تھانے پہنچی ہوں۔

یاد رہے جولائی میں پنجاب کے دارالحکومت میں واقع علاقے شاہدرہ میں ناخلف بیٹے نے ماں کو کلہاڑیوں کے وار سے زخمی کر دیا تھا، ماں کی چیخ پکار سُن کر اہل علاقہ نے پولیس کو اطلاع دی جس پر ڈولفن پولیس کے اہل کاروں نے جائے وقوعہ پر پہنچ کر ماں کو بیٹے کے تشدد سے بچایا۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں