بیجنگ: چین میں خاتون ٹیچر نے کمسن طالب علم کو بہیمانہ تشدد کا نشانہ بنا ڈالا، جس کے زخم دیکھ کر ماں بھی تڑپ اٹھی۔
ڈیلی میل کی رپورٹ کے مطابق چین کے شمال مغربی علاقے چیانگ کے اسکول میں پڑھنے والے نرسری کے طالب علم کو خاتون ٹیچر نے ٹیبل سے نیچے دھکا دیا اور پھر اُسے زمین پر بری طرح سے گھسیٹا۔
والدہ فو کے مطابق انہوں نے اپنے بچے کے جسم پر تشدد کے نشانات دیکھے تو ٹیچر اور بچے سے پوچھا مگر کسی نے کچھ نہیں بتایا جس کے بعد انہوں نے سیکیورٹی فوٹیج دیکھی تو کہانی سامنے آئی۔
فوٹیج میں دیکھا جاسکتا ہے کہ کلاس میں کمسن بچہ اپنی کرسی کو زمین پر رکھ کر کھیل رہا تھا کہ اسی دوران ٹیچر تیز قدموں سے چلتی ہوئی آئی اور اُسے اٹھا کر زور سے زمین پر پھینک دیا۔
ٹیچر نے بچے کو زمین پر گھسیٹا جس کے بعد وہ تکلیف سے اچھل اچھل کر رونے لگا مگر ٹیچر کو کوئی احساس نہیں ہوا۔ والدہ کی شکایت پر پولیس نے ٹیچر کے خلاف تحقیقات شروع کردیں۔
متاثرہ بچے کی والدہ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ ’میرے بیٹے جسم پر زخم کا نشان تھا، جسے دیکھ کر میں پریشان ہوگئی، بچے سے پوچھا تو اُس نے کچھ نہیں بتایا اور رونا شروع کردیا تھا‘۔ والدہ کے مطابق بچے کو زخمی حالت میں اسپتال منتقل کیا گیا جہاں ڈاکٹرز نے اُس کو 8 ٹانکے لگائے۔