لاہور: حکومتِ پنجاب ریسکیو 1122 کی پہنچ گنجان آباد علاقوں میں یقینی بنانے کے لیے پانچ شہروں میں موٹر سائیکل ایمبولینسیں چلائے گی، یہ تجربہ دنیا کے کئی دیگر ممالک میں کیا جاچکا ہے۔
تفصیلات کے مطابق گوجرانوالا، فیصل آباد، لاہور ، ملتان اور راولپنڈی میں پچاس پچاس موٹر سائیکل ایمبولینسز دی جائیں گی۔ وزیرِ اعلی پنجاب نے ریسکیو1122 کی سمری منظور کر لی۔
اس منصوبے کا مقصد یہ ہے کہ جن تنگ گلیوں اور علاقوں تک ایمبولینسز نہیں پہنچ سکتیں وہاں موٹر سائیکل ایمبولینسیں کام آئیں گی اور مریضوں کو ابتدائی طبی امداد کے بعد بیک اپ پر موجود ایمبولینس تک پہنچائیں گی۔
دو تربیت یافتہ ریسکیو اہلکار ہر موٹر سائیکل ایمبولینس پر ابتدائی طبی امداد کے لئے موجود رہیں گے۔ موٹر سائیکل ایمبولینسوں کے اس منصوبے کا آئیڈیا برطانیہ، ترکی اور جاپان میں کامیابی سے چلتی موٹر سائیکل ایمبولینسوں کے ماڈلز سے لیا گیا ہے۔
>