منگل, مئی 20, 2025
اشتہار

موٹرسائیکل میکنک کی دو بیٹیاں تھیلیسیمیا کا شکار، باپ خون دیکر دل کا مریض بن گیا

اشتہار

حیرت انگیز

جہانیاں سے تعلق رکھنے والے موٹرسائیکل میکنک کی دو بیٹیاں تھیلیسیمیا کا شکار ہیں، بچیوں کے علاج کیلئے گھر کا سامان تک فروخت ہوچکا ہے۔

اے آر وائی نیوز کے مطابق جہانیاں سے ملحقہ آبادی کے رہائشی محمد عمران شہر کی ایک دکان کے سامنے موٹرسائیکل مرمت کا کام کرتے ہیں، موٹر سائیکل میکنک عمران کی 2 بیٹیاں 13 سالہ اقصیٰ اور 11 سالہ مصباح تھیلیسیمیا جیسے موذی مرض کا شکار ہیں۔

افسوس کی بات یہ ہے محمد عمران اپنی بیٹیوں کو زندہ رکھنے کی خاطر خود خون کی درجنوں بوتلیں دیکر دل کے مریض بن چکے ہیں۔

بیماری اور علاج کی خاطر دوسرے شہروں کے سفر نے عمران کے روزگار کو بھی کافی نقصان پہنچایا، عمران نے بتایا کہ جمع پونجی کے علاوہ گھریلو سامان بیچ کر بچییوں کے علاج پر لگادیا۔

بچیوں کی والدہ اور نانی گھروں میں کام کرکے گھر کا چولہا جلانے کی کوشش کرتی ہیں لیکن بچیوں کی بیماری پر حد سے زیادہ خرچ نے ان روز مرہ کی زندگی کو بہت کٹھن بنادیا ہے۔

بچیوں کی والدہ نے کہا کہ اگر گھر چلائوں تو بچیوں کی دوائیں نہیں لے سکتے، انھیں خون نہیں لگواسکتے، والدین سے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز سے اپیل کی کہ وہ بچیوں کے علاج میں ان سے تعاون کریں۔

دریں اثنا اے آر وائی نیوز تھیلیسیما کی شکار 2 بہنوں کیلئے آواز بن گیا، ٹی وی چینل پر متاثرہ بہنوں کی خبر نشر ہونے کے بعد نجی فاؤنڈیشن نے انھیں علاج کی سہولیات مہیا کرنے کا اعلان کیا ہے۔

صدر نجی فاؤنڈیشن یاسین خان نے کہا کہ تھیلیسیمیا سے متاثرہ بچیوں کےعلاج کے اخراجات فاؤنڈیشن برداشت کریگی، 13سالہ اقصیٰ اور 11سالہ مصباح کے علاج میں کوئی کمی نہیں ہوگی۔

یاسین خان نے کہا کہ دونوں بچیوں کو باقاعدگی سے خون منتقلی کی سہولت اور دیگرعلاج مہیا کیا جائےگا، بچیوں کےعلاج کیلئے ہرممکن تعاون کیا جائےگا۔

رپورٹ: شیخ عمران سلیم

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں