کراچی: شہرِ قائد میں شارع فیصل پر موٹر سائیکل سواروں کے لیے الگ ٹریک بنا دیا گیا، حکومت کے اچھے اقدام کے با وجود شہری قوانین کو تسلیم کرنے پر تیار نظر نہیں آتے۔
تفصیلات کے مطابق کراچی میں شارع فیصل پر موٹر سائیکل کے لیے الگ ٹریک بنا دیا گیا، تاہم موٹر سائیکل سوار زرد پٹی کی پابندی نہیں کر رہے ہیں، جس کا جہاں دل چاہ رہا ہے بائیک دوڑا رہا ہے۔
[bs-quote quote=”ابھی لائن کی خلاف ورزی پر صرف وارننگ دے رہے ہیں، جلد چالان کرنا شروع کریں گے۔” style=”style-7″ align=”left” color=”#dd3333″ author_name=”ٹریفک پولیس”][/bs-quote]
پولیس کا کہنا ہے کہ ابھی وارننگ دے رہے ہیں، تاہم چند دن بعد چالان بھی کریں گے۔
شارع فیصل پر الگ لین موٹر سائیکل سواروں کی سہولت کے لیے بنائی گئی، لیکن شعور کی کمی یا منزل پر پہنچنے کی جلدی کے باعث شہری قوانین ماننے کو تیار نظر نہیں آتے۔
دوسری طرف شہریوں نے شارع فیصل پر بائیک ٹریک بنانے کے اقدام کو سراہا، شہریوں کا کہنا ہے کہ اس سے حادثات میں کمی واقع ہو سکتی ہے۔
ٹریفک پولیس اہل کاروں کا کہنا ہے کہ ابھی تو لائن کی خلاف ورزی پر صرف وارننگ سے کام چلا رہے ہیں لیکن اس کے بعد چالان بھی ہوگا۔
آئی جی سندھ نے آگہی مہم چلانے کی ہدایت کر دی، بغیر ہیلمٹ سفر کرنے والے موٹر سائیکل سواروں کو فیول فراہم نہ کرنے کی تجویز بھی دی گئی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: آئی جی سندھ کلیم امام نے ٹریفک قوانین سے متعلق آگاہی مہم کا حکم دے دیا
لین مارکنگ سے شہری میٹروپول سے ملیر ہالٹ تک 20کلومیٹر کا سفر بغیرکسی رکاوٹ کے طے کر سکیں گے جب کہ اس اقدام سے حادثات میں بھی کمی واقع ہوگی۔ لین سے باہرنکلنے والوں کے خلاف کارروائی بھی ہوگی۔
یاد رہے کہ ایک ہفتہ قبل آئی جی سندھ پولیس سید کلیم امام کراچی کی 3 معروف سڑکوں کو ماڈل روڈ بنانے کا حکم دیا تھا، انھوں نے اس سلسلے میں ایڈیشنل آئی جی کراچی ڈاکٹر امیرشیخ کو خط لکھا۔
سید کلیم امام نے خط میں کہا کہ ماڈل سڑکیں شارع فیصل، آئی آئی چند ریگر روڈ اور میٹروپول سے 2 تلوار تک بنائی جائیں، ماڈل سڑکوں پر قائم پیٹرول پمپس پر بھی کڑی نگاہ رکھی جائے۔