حج سیزن کے دوران غیر متعلقہ افراد کو روکنے کے لیے مکہ مکرمہ میں موٹر سائیکلوں کے داخلے پر بھی پابندی عائد کر دی گئی ہے۔
مناسک حج کا آغاز جمعہ 14 جون سے ہو رہا ہے۔ سعودی حکومت نے حج پرمٹ کے بغیر کسی بھی ویزے پر آئے افراد سمیت مقامی لوگوں پر حج پر پابندی عائد کر رکھی ہے اور اس حوالے سے خلاف ورزی کرنے والے ہزاروں افراد کے خلاف کارروائی بھی کی گئی ہے۔
اب غیر قانونی عازمین کو مکہ مکرمہ میں داخل ہونے سے روکنے کے لیے شہر حرم میں موٹر سائیکلوں کے داخلے پر بھی پابندی عائد کر دی گئی ہے۔
سبق ویب سائٹ کے مطابق محکمہ ٹریفک کے ترجمان کرنل منصور الشکرہ نے کہا ہے کہ غیر قانونی عازمین کے داخلے کو روکنے کے لیے مکہ مکرمہ اور مشاعر مقدسہ لے جانے والے تمام راستوں پر چوکیاں قائم کردی ہیں اور موٹر سائیکلوں کے داخلے پر پابندی عائد کر دی گئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ شہر مکہ میں صرف ان گاڑیوں کو داخل ہونے دیا جا رہا ہے جن کے پاس اجازت نامہ ہوگا۔
کرنل منصور کا کہنا تھا کہ ہر وہ شخص کو مکہ مکرمہ میں غیر قانونی طور پر داخل ہونے کی کوشش کرے گا اس کے خلاف کارروائی ہوگی اور غیر قانونی حج کے انسداد کے لیے محکمہ ٹریفک، سیکیورٹی فورسز کے دیگر اداروں کے تعاون سے جامع منصوبے پر کام کر رہا ہے۔