سیالکوٹ : ڈکیتی کی سنگین وارداتوں میں ملوث ملزمان قانون کی گرفت میں آگئے، پولیس نے جدید طریقے سے کارروائی کرکے کامیابی حاصل کی۔
تفصیلات کے مطابق سیالکوٹ پولیس نے گزشتہ دنوں لاہور موٹر وے پر ہونے والی ڈکیتی کی بڑی واردات میں ملوث3 ملزمان کو گرفتار کرلیا۔
اس حوالے سے ایس پی فاروق اکمل نے میڈیا کو بتایا کہ ملزمان نے چند روز قبل موٹر وے پر ایک تاجر سے53لاکھ روپے لوٹ لیے تھے۔
ایس پی کے مطابق واردات میں اے ایس آئی اور تاجر کا ڈرائیور بھی ملوث ہے، ملزمان سے53لاکھ روپے اورموبائل فون برآمد کرلیا گیا ہے۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ شیخوپورہ کا تاجر سیالکوٹ میں فیکٹریوں کو کیمیکل سپلائی کرتا تھا، تفتیشی ٹیموں نے ملزمان کا موبائل ڈیٹا حاصل کیا۔
ایس پی فاروق اکمل کے مطابق گرفتار ملزمان میں محمد اویس، محمد ارشد اور ناظم شامل ہیں، لوٹی گئی رقم مذکورہ تاجر کے حوالے کردی گئی ہے۔