ملتان : وزیراعظم نواز شریف نے کہا ہے کہ میٹرواورموٹروےخوشحالی کی ضمانت ہیں۔ پاکستان کی ترقی کا پہیہ جام کرنا بدترین سلوک ہے۔موٹر وے کی تعمیر میں کسی کرپشن یا کک بیکس کی مثال نہیں۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے خانیوال موٹروےسیکشن فورکی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا وزیر اعظم نے کہا کہ اب بجلی ملک سے جانے کا نام نہیں لےگی۔
نواز شریف کا کہنا تھا کہ 1999 میں ہماری حکومت ختم ہونے کے ساتھ ہی موٹروے کی تعمیر کا سلسلہ بھی ختم ہوگیا،اس خطے میں موٹروے کو بہت پہلے آجانا چاہیئے تھا۔
خوشی ہے کہ موٹروے اس خطے میں پہنچی۔ہم سے پہلے کسی حکومت نے دہشت گردی کے خاتمے کیلئے کام نہیں کیا، موٹروے بنانا تو دور کی بات کسی نے بجلی کی لوڈشیڈنگ ختم کرنے کیلئے اقدامات تک نہ کئے۔
انہوں نے کہا کہ پرویز مشرف نے ترقی کا جو ایجنڈا پیش کیا تھا اس سے کوئی ترقی نہیں ہوئی۔ آمریت جاری رہتی تو پاکستان نہ جانے کہاں ہوتا۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ ملک سے لوڈشیڈنگ دو ڈھائی سال میں بالکل ختم ہوجائے گی اور لوگ یاد کریں گے کہ کبھی لوڈشیڈنگ بھی ہوا کرتی تھی جب کہ موٹرویز اور میٹرو نہیں بجلی کے کارخانے بھی ملک میں لگ رہے ہیں۔
انکا کہنا تھا کہ ہوا، دھوپ، کوئلے اور پانی سےبجلی پیداکرنےکےمنصوبے بنا رہے ہیں لیکن سابق حکمرانوں نے گھر گھر لوڈشیڈنگ کا تحفہ دیا، موٹروے بنانے تو دور کی بات ملک میں دہشتگردی اور لوڈشیڈنگ کا مسئلہ پیدا کردیا۔
انہوں نے امن و امان کے حوالے سے کہا کہ کراچی آپریشن ہر صورت جاری رہے گا امن کے لئے لازوال قربانیاں دے رہے ہیں۔