لاہور : موٹروے پولیس کا کہنا ہے کہ 5 مئی کو شہباز گل کی گاڑی کو حادثہ پیش آیا تاہم وہ محفوظ رہے،ملزم نے ابتدائی تفتیش کے دوران اعتراف کیا اور کہا حادثہ تھا۔
تفصیلات کے مطابق تحریک انصاف کے رہنما شہباز گل کی گاڑی کو حادثے سے متعلق موٹروے پولیس کا مؤقف سامنے آگیا ، موٹروے پولیس نے کہا ہے کہ 5مئی کو شہباز گل کی گاڑی کو حادثہ موٹروے ایم ٹو ساؤتھ بمقام خانقاہ ڈوگراں کے قریب پیش آیا، ڈاکٹرشہباز گل اس حادثے میں محفوظ رہے۔
آئی جی پنجاب انعام غنی کا کہنا تھا کہ موٹروے پولیس اطلاع ملتے ہی فوراً جائے حادثہ پہنچ گئی، شہباز گل کے رشتے دار جابرعلی کی مدعیت میں درج کرائی گئی۔
انعام غنی نے کہا کہ واقعے کی ایف آئی آرکالیکے منڈی ضلع حافظ آباد میں درج کرلی گئی ہے اور ملزم وجاہت علی ولد لیاقت علی کو مریدکے سے گرفتارکرلیا گیا ہے۔
موٹروےپولیس نے بتایا کہ ایکسیڈنٹ شدہ گاڑی بھی پولیس کی تحویل میں ہے ، ملزم نے ابتدائی تفتیش کے دوران اعتراف کیا اور کہا حادثہ تھا، ملزم کے مطابق شہباز گل یا کسی اور کو نشانہ بنانا ہرگز مقصود نہیں تھا۔
پولیس نے مزید کہا کہ ملزم حادثہ کے بعد کوٹ سرور انٹر چینج سے فرارہوگیا ہے۔