اسلام آباد: موٹر ویز پر سیکیورٹی و سرویلنس کے لیے موٹر بائیک سروس کے پائلٹ پروجیکٹ شروع کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
وزیر مواصلات عبدالعلیم خان نے انتظامیہ کو موٹر ویز پر پٹرولنگ بڑھانے، اور سیکیورٹی سخت کرنے کا ٹاسک دے دیا، انھوں نے کہا موٹر وے پر بہ یک وقت 30 سے 35 موٹر بائیکس کو مختلف سیکٹرز میں پٹرولنگ کرنی چاہیے۔
عبدالعلیم خان کا کہنا تھا کہ پہلے مرحلے میں موٹر وے پولیس اپنے وسائل سے بائیک سروس شروع کرے، اور اس میں مزید اضافہ کیا جائے گا۔ انھوں نے ہدایت کی کہ موٹر وے پر حفاظتی باڑ کی چوری کی روک تھام کے لیے بھی مؤثر حکمت عملی اختیار کی جائے۔
وزیر مواصلات نے موٹر وے پولیس کے اختیارات کے لیے قانون سازی میں ترمیم کی تجویز بھی دی، انھوں نے کہا شہریوں کی حفاظت کے لیے موٹر وے پولیس کو زیادہ سے زیادہ ذمہ داری لینا ہوگی۔
کچھی کینال کی مرمت کی لاگت میں 6 ارب کا اضافہ کیسے ہوا؟
عبدالعلیم خان نے کہا ایسا میکنزم اختیار کریں کہ موٹر وے پر سفر کو زیادہ سے زیادہ محفوظ بنایا جا سکے، انھوں نے تنبیہہ بھی کی کہ جہاں باڑ چوری ہوگی وہاں کا این ایچ اے افسر اور موٹر وے پولیس ذمہ دار ہوگی۔