کراچی : مشیرِ اطلاعات سندھ مولا بخش چانڈیو نے کہا ہے کہ میانمار کی نوبیل انعام یافتہ آنگ سان سوچی تنگ نظری کا مظاہرہ کر رہی ہے، عالمی اداروں کو انسانیت سوز مظالم رکوانے کے لیے اپنا کردار ادا کرنا ہوگا.
وہ کراچی میں میڈیا سے گفتگو کر رہے تھے انہوں نے کہا کہ روہنگیا مسلمانوں کے ساتھ ہمدردی کا اظہار کرتے ہیں، افسوس کا مقام ہے کہ حکمران ایک حلقے کے ضمنی الیکشن میں الجھے ہوئے ہیں اور مظلوموں کے لیے آواز نہیں اٹھا پا رہے ہیں.
انہوں نے کہا کہ حکمران ڈرے ہوئے ہیں اور ساری عمراداروں پر سیاست کرتے آئے ہیں اور آج جب فیصلہ خلاف آیا ہے تو کہتے ہیں کہ بھٹو شہید اور بی بی شہید کو انصاف نہیں ملا.
مولا بخش چانڈیو نے کہا ہے اصل بات یہ ہے کہ جوفصل بوئی ہے وہ پوری نہیں کٹی ابھی تو اور فصل کٹنی ہے اور میاں صاحب کو سعودی عرب پہنچ کراحساس ہوا کہ وہ بھٹو نہیں بن سکتے.
مشیر اطلاعات سندھ نے کہا کہ میں مریم نواز سے کہتا ہوں کہ آپ سابق وزیراعظم کی بیٹی ہیں قابل احترام ہیں لیکن آپ بینظیربھٹو جیسی نہیں بن سکتی ہیں،یہ تقابل ہی غلط ہے کہ بینظیر نے تو جیلیں کاٹی تھیں اور آپ سیکیورٹی کے حصار میں جے آئی ٹی میں پیش ہوئیں.