پاکستان کے کم عمر کوہ پیما شہروز کاشف نے نانگا پربت کی چوٹی پر پیش آئی مشکلات اپنے ویڈیو بیان میں بتا دی ہیں۔
ساجد علی سدپارہ نے ٹوئٹر پر شہروز کاشف اور فضل علی کی ویڈیو پوسٹ کی جس میں وہ بتا رہے ہیں کہ موسم کی خرابی کے باعث واپسی کے سفر پر مشکلات پیش آئیں۔
20 سالہ کو پیما نے بتایا کہ 7 ہزار 5 سو میٹر کی بلندی پر ہمیں راستہ نہیں دکھ رہا تھا، فضل علی سے پوچھا تو انہیں بھی سمجھ نہیں آئی۔
مزید پڑھیں: ”ریسکیو کرنے پر آرمی چیف اور پاک فوج کا شکریہ“
شہروز نے بتایا کہ پھر ہم نے منفی 45 درجہ حرارت میں اپنے لیٹنے کے لیے جگہ بنائی اور رات وہیں گزاری، یہی سوچ کر سوئے تھے کہ اب زندگی کی امید نہیں لیکن صبح اٹھے تو معجزہ ہوگیا۔
My friend @Shehrozekashif2 & Kako Fazal Ali telling details about how they survived the night at above 7500m in snow cave as there was no rope fixed. Thanks to Almighty for bringing them back safely pic.twitter.com/Di2owBE0Y8
— Sajid Ali Sadpara (@sajid_sadpara) July 8, 2022
خیال رہے کہ شہروز کاشف اور ان کے گائیڈ فضل احمد نے پانچ جولائی کو نانگا پربت چوٹی سر کی تھی اور واپسی کے سفر پر کوہ پیماؤں سے اہل خانہ کا رابطہ منقطع ہوگیا تھا۔
پاک فوج کی جانب سے گزشتہ روز کوہ پیماؤں کو ریسکیو کرنے کے لیے ہائی رسک ریسکیو آپریشن شروع کیا گیا۔ انہیں پاک فوج کے ایوی ایشن ہیلی کاپٹر نے ریسکیو کر کے بیس کیمپ پہنچایا تھا۔
رواں سال مئی میں شہروز کاشف نے دنیا کی تیسری بلند ترین چوٹی ”کنچن چنگا“ سر کرلی تھی۔ وہ کم عمر کوہ پیما ہیں اور کئی اعزازت اپنے نام کر کے پاکستان کا نام روشن کر چکے ہیں۔