لندن: برطانیہ میں ڈاکوؤں نے دیدہ دلیری کی تمام حدیں پار کردیں، فلمی انداز میں جیولری شاپ میں گھس کر قیمتی زیورات لوٹ کر فرار ہوگئے۔
تفصیلات کے مطابق برطانوی دارالحکومت لندن میں 3 ڈاکو مہنگی ترین گاڑی ’’رینج روور‘‘ میں سونار کی دکان لوٹنے آئے اور دلیری سے جیولری شاپ میں توڑ پھوڑ کی اور قیمتی زیورات لے اڑے۔
غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق ڈکیتی سے متعلق وائرل ہونے والی ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ ڈاکو گاڑی کے ہمراہ شیشہ توڑتے ہوئے جیولری شاپ میں جاگھسے اور ہتھوڑی سے جیولری ریکس کو توڑا اور سونا بیگ میں بھر کر فرار ہوگئے۔
واقعے کے دوران شاپ میں موجود خریدار اپنی جان بچا کر بھاگے البتہ ڈاکوؤں کو مزاحمت کا بھی سامنا کرنا پڑا۔ مذکورہ واقعے میں ملوث ویگر نامی ڈاکو کو گرفتار کیا گیا جسے 10 سال قید کی سزا سنائی گئی ہے۔ تاہم دیگر دو ڈاکو تاحال فرار ہیں۔ پولیس ان کی گرفتاری کے لیے چھاپے مار رہی ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ چوری کی یہ واردات گزشتہ سال 25 اکتوبر کو ہوئی۔ واردات میں استعمال ہونے والی گاڑی پولیس کی تحویل میں ہے۔ ملزمان رینج روور کا نمبر پلیٹ تبدیل کرکے وارداتیں کرتے تھے اور یہ گاڑی بھی چوری کی ہے۔
پولیس حکام نے یہ بھی کہا ہے کہ خوش قسمتی سے اس واقعے میں کوئی جانی یا مالی نقصان نہیں ہوا۔ سیکیورٹی اداروں نے دیگر دو ملزمان کی گرفتاری کے لیے عوام سے بھی مدد کی اپیل کی ہے۔