اسلام آباد : پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ صوبہ خیبر پختونخوا میں صوابدیدی فنڈز ختم کر دیئے گئے ہیں، ترقیاتی فنڈز بھی اب کسی ایم پی اے کو نہیں ملیں گے۔
یہ بات انہوں نے خیبر پختونخوا ہاؤس اسلام آباد میں صوبائی کابینہ کے اہم اجلاس کی صدارت کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔
چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے صوبائی حکومت کی مدد سے عوامی فلاح کے درجن بھر منصوبوں پر مشتمل کے پی کے چارٹر آف ریفارم پیش کردیا۔
No case of big corruption in KP since last 3… by arynews
انہوں نے صوبے میں کرپشن کے خاتمے کے لئے نیا احتساب بل پاس کروانے اور وسل بلور ایکٹ نافذ کرنے کا بھی اعلان کر دیا۔
اس موقع پر عمران خان نے خیبر پختونخوا میں محکموں میں کرپشن کی نشاندہی کرنے والوں کو انعام دینے کا اعلان بھی کیا۔ انہوں نے کہا کہ نشاندہی کرنے والے کو ریکوری کی رقم کا پچیس فیصد انعام دیا جائے گا، اطلاع دینے والے کا نام صیغہ راز میں رکھا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ پارٹی ڈسپلن کی خلاف ورزی پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا جو ناراض ارکان ہیں ان سے مذاکرات کیلئے کمیٹی بنا دی گئی ہے لیکن اگر وہ پھر بھی نہ مانے تو ان کی رکنیت ختم ہو سکتی ہے۔
عمران خان نے پنجاب اور سندھ حکومت کو چیلنج کرتے ہوئے کہا کہ وہ بھی اختیارات کی نچلی سطح تک منتقلی کا عمل یقینی بنا کر دکھائیں۔
عمران خان نے کہا کہ سیاست میں کنٹریکٹرز کا داخلہ ختم کر دینگے۔ صوبے کے تمام ریسٹ ہاؤسز کی آمدنی عوام پر خرچ کی جائے گی۔
مدرسہ ریفارمز کے تحت ہر مدرسے کو جدید بنانے کیلئے فنڈز دینگے تاکہ ان کے طلبا بھی سائنسی تعلیم پڑھ سکیں، ہم نے اس کیلئے مدارس سے ایک ایم اویو بھی سائن کیا ہے۔
عمران خان نے کہا کہ افغان مہاجرین کی واپسی کیلئے ایک کمیٹی بنائی ہے تاکہ کسی سے کوئی زیادتی نہ ہو۔میں خیبر پی کے کی عوام سے اپیل کرتا ہوں کہ افغان مہمانوں کو کوئی تکلیف نہیں ہونے دینگے۔
ایک سوال کے جواب میں چیئر مین پی ٹی آئی نے وزیر اعلی سندھ کی طرح پرویز خٹک کو ہٹائے جانے کی خبروں کی بھی تردید کر دی۔
عمران خان نے گریڈ پانچ سے اوپر بھرتی کے لئے این ٹی ایس کا نفاذ لازمی ،جبکہ لوئر جوڈیشری اورمدرسہ ریفارمز سمیت پولیس ایکٹ نافذ کرنے کا بھی اعلان کیا ہے۔