اسلام آباد: چیف الیکشن کمشنر نے ضلع مہمند میں ڈسٹرکٹ الیکشن کمیشن کے دفتر پر حملے کا سخت نوٹس لیتے ہوئے سیکرٹری الیکشن کمیشن کو فوری کارروائی کی ہدایت کی ہے۔
تفصیلات کے مطابق چیف الیکشن کمشنر نے سیکرٹری الیکشن کمیشن کو ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ ملوث عناصر کو قانون کے مطابق سخت ترین سزا دی جائے۔
سیکرٹری الیکشن کمیشن نے آئی جی خیبر پختونخوا سے فوری رابطہ کیا اور ذمہ داروں کی خلاف سخت اور فوری کارروائی کی ہدایت کی، جس پر آئی جی خیبر پختونخوا نے یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ ذمہ داروں کے خلاف کارروائی عمل میں لائی جا رہی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: کے پی بلدیاتی الیکشن: لکی مروت کی چاروں تحصیلوں کے نتائج جاری
دوسری جانب ڈسٹرکٹ الیکشن کمشنرنے ڈی پی او کے نام خط میں لکھا ہے کہ ڈسٹرکٹ الیکشن کمشنر دفتر میں اسٹاف کو ہراساں کیا اورسنگین نتائج کی دھمکیاں دیں۔
خط میں کہا گیا کہ رکن صوبائی اسمبلی نثار مہمند نے اپنے ورکرز کو تشدد کے لیے اشتعال دلایا رکن صوبائی اسمبلی نے دفتر پر ایک ہی دن میں دو مرتبہ دھاوا بولا، سرکاری امور میں مداخلت، سٹاف کو ہراساں اور دفتر کی پراپرٹی کو نقصان پہنچانے پر ایف آئی آر درج کی جائے۔