لندن: برطانوی وزیراعظم تھریسامے کے خلاف عدم اعتماد ناکام ہوگئی، تھریسامے بریگزٹ ڈیل پاس نہ کرواسکیں لیکن حکومت بچانے میں کامیاب ہوگئیں۔
غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق برطانوی وزیراعظم تھریسامے کے خلاف عدم اعتماد پر پارلیمنٹ میں بحث ہوئی، تحریک عدم اعتماد پر اراکین پارلیمنٹ کی ووٹنگ میں تحریک عدم اعتماد ناکام ہوگئی۔
برطانوی وزیراعظم تھریسامے کی حمایت میں 325 اور مخالفت میں 306 ووٹ آئے۔
برطانوی وزیراعظم تھریسامے نے کام جاری رکھنے کا اعلان کردیا اور اراکین پارلیمنٹ کی جانب سے اظہار اعتماد پر ان کا شکریہ ادا کیا۔
تھریسامے بریگزٹ ڈیل پاس نہ کرواسکیں لیکن حکومت انہوں نے بچالی ہے، تھریسامے نے پارلیمانی جماعتوں کو دعوت دی ہے کہ مل کر مسئلے کا حل نکالتے ہیں۔
اپوزیشن لیڈر نے کہا کہ حکومت کو گزشتہ رات کے نتائج پر اقتدار سے الگ ہوجانا چاہئے تھا، بریگزٹ پر عوامی خواہشات کو مدنظر رکھا جائے۔
مزید پڑھیں: بریگزٹ ڈیل مسترد، تھریسامے کو تاریخی شکست
واضح رہے کہ گزشتہ سال 13 دسمبر کو بھی برطانوی وزیراعظم تھریسامے کے خلاف اپوزیشن کی تحریک عدم اعتماد ناکام ہوئی تھی جس کے بعد تھریسامے یورپی یونین کے سربراہی اجلاس میں شرکت کے لیے برسلز روانہ ہوگئی تھیں۔
یاد رہے کہ 62 سالہ تھریسا مے نے برطانیہ کی یورپی یونین سے علیحدگی کے لیے ہونے والے ریفرنڈم میں، اس کے خلاف ووٹ دیا تھا۔
گزشتہ روز برطانوی وزیراعظم تھریسامے نے بریگزٹ کے معاملے پر پارلیمان کا اعتماد کھودیا، ہاؤس آف کامنزنے بریگزٹ ڈیل مسترد کردی۔
پارلیمنٹ نے یورپی یونین سے کی جانے والی بریگزٹ ڈیل کی مخالفت میں فیصلہ دے دیا، ڈیل کے حق میں 202 جبکہ مخالفت میں 432 ووٹ پڑے، 118 حکومتی ممبران نے بھی ڈیل کے خلاف ووٹ دیا تھا۔
دوسری جانب تھریسامے کا کہنا تھا کہ غیریقینی میں گزرنے والا ہر دن برطانیہ کو نقصان دے رہا ہے، اب بھی حکومت کو پارلیمنٹ کا اعتماد حاصل ہے۔