اسلام آباد: ایف بی آر کی جانب سے اراکین پارلیمان کی سال 2019 کی ٹیکس ڈائریکٹری جاری کر دی گئی، 80 سینیٹرز اور 312 اراکین قومی اسمبلی نے 2019 میں ٹیکس گوشوارے جمع کرائے۔
ٹیکس ڈائریکٹری 2019 کے مطابق وزیر اعظم عمران خان نے 2019 میں 98 لاکھ 54 ہزار 959 روپے ٹیکس دیا، وزیر اعظم نے 2018 میں 2 لاکھ 82 ہزار روپے ٹیکس جمع کرایا تھا، جب کہ ان کی آمدن 4 کروڑ 45 لاکھ روپے ہے۔
اپوزیشن لیڈر شہباز شریف کی قابل ٹیکس آمدن 3 کروڑ 50 لاکھ ہے، انھوں نے 2019 میں 71 لاکھ 5 ہزار روپے ٹیکس جمع کرایا، جب کہ 2018 میں 97 لاکھ 30 ہزار روپے ٹیکس جمع کرایا تھا۔
28 کروڑ سے زائد آمدن والے آصف زرداری نے 22 لاکھ 18 ہزار 229 روپے ٹیکس دیا، آصف زرداری نے 2018 میں 28 لاکھ 91 ہزار 455 روپے ٹیکس جمع کرایا تھا، بلاول بھٹو کی کل آمدنی 3 کروڑ 80 لاکھ روپے ہے، انھوں نے 5 لاکھ 35 ہزار 245 روپے ٹیکس جمع کرایا۔
وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے صرف 2 ہزار روپے ٹیکس ادا کیا، وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے 19 لاکھ 21 ہزار 914 روپے ٹیکس دیا، وزیر اعلیٰ خیبر پختون خوا محمود خان نے 66 ہزار 258 روپے ٹیکس دیا، وزیر اعلیٰ بلوچستان قدوس بزنجو نے 10 لاکھ 61 ہزار 777 روپے انکم ٹیکس دیا، جب کہ سابق وزیر اعلیٰ جام کمال نے ایک کروڑ 17 لاکھ 50 ہزار 799 روپے ٹیکس دیا۔
وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے 8 لاکھ 51 ہزار 955 روپے ٹیکس دیا، وزیر خزانہ شوکت ترین نے 2 کروڑ 66 لاکھ 27 ہزار 737 روپے کا انکم ٹیکس ادا کیا، جب کہ فیصل واوڈا نے 11 لاکھ 62 ہزار 429 روپے کا انکم ٹیکس ادا کیا۔
فروغ نسیم نے 2019 میں 42 لاکھ 85 ہزار 201 روپے کا انکم ٹیکس ادا کیا، اعظم نذیر تارڑ نے 25 لاکھ 40 ہزار 126 روپے انکم ٹیکس ادا کیا۔ سینیٹر احمد خان نے 23 لاکھ 88 ہزار 362 روپے انکم ٹیکس، چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی نے 13 لاکھ 99 ہزار 327 روپے، سینیٹر طلحہ محمود نے 3 کروڑ 22 لاکھ 80 ہزار 549 روپے انکم ٹیکس ادا کیا۔
سینیٹر شبلی فراز نے 8 لاکھ 85 ہزار 451 روپے انکم ٹیکس، اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے 5 لاکھ 55 ہزار 794 روپے انکم ٹیکس، جب کہ ایسوسی ایشن آف پرسن سے انھوں نے 14 لاکھ 34 ہزار ٹیکس ادا کیا۔
وزیر منصوبہ بندی اسد عمر نے 42 لاکھ 72 ہزار 426 روپے انکم ٹیکس، اور وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے 1 لاکھ 36 ہزار 808 روپے انکم ٹیکس ادا کیا۔
سابق وزیر اعظم یوسف رضا گیلانی نے سال 2019 میں کوئی انکم ٹیکس ادا نہیں کیا۔