کراچی: ایم کیو ایم پاکستان نے 12 مارچ کو باغ جناح میں جلسے کا اعلان کردیا۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق ایم کیو ایم پاکستان نے اتوار کو جنرل ورکرز اجلاس بھی طلب کیا ہے جس میں جلسے کی تیاریوں، عوامی رابطہ مہم کے حوالے سے مشاورت کی جائے گی۔
ایم کیو ایم کے ڈپٹی کنوینئر انیس قائم خانی نے رابطہ کمیٹی کے ہمراہ باغ جناح کا دورہ کیا ہے، رابطہ کمیٹی کا کہنا ہے کہ ایم کیو ایم ایک بار پھر تاریخ رقم کرنے کے لیے پرعزم ہے۔
علاوہ ازیں گورنر سندھ کامران ٹیسوری رہنما ایم کیو ایم عامر خان کی رہائشگاہ پہنچے تھے۔
گورنر سندھ نے کہا کہ عامر خان کی دعوت پر یہاں آیا ہوں کل میری ان سے ملاقات ہوئی تھی جہاں کھانے پر ملنا طے ہوا تھا۔
کامران ٹیسوری نے کہا کہ پیپلزپارٹی سے جو مطالبات تھے ان کے پورے نہ ہونے پر تشویش ہے ایم کیو ایم سے کیے گئے وعدوں پر ٹال مٹول عرصے سے جاری ہے۔
انہوں نے کہا کہ پارٹیوں میں اختلافات ہوتے ہیں لیکن وہ ذاتی نہیں ہوتے، سیاسی جماعتوں میں اختلافات جمہوریت کا حسن ہیں۔
دوسری جانب ایم کیو ایم رہنما عامر خان نے کہا کہ کراچی، حیدرآباد کے احساس محرومی کو کم کرنے میں کردار ادا کرنا ہوگا اس شہر کی احساس محرومی بڑھ رہی ہے۔
عامر خان نے کہا کہ شہری سندھ کے مسائل بڑھ رہے ہیں گورنر اس کے حل کے لیے کام جاری رکھیں۔