اسلام آباد: حکومت نے ایم کیوایم کی شکایات کے ازالے کیلئے کمیٹی قائم کردی، کمیٹی کے قیام کا باقاعدہ نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا ہے، کمیٹی پانچ ارکان پرمشتمل ہوگی، جو ایم کیو ایم کی شکایات کا جائزہ لیکر نوے روز میں رپورٹ حکومت کو پیش کریگی۔
کمیٹی کے اراکین میں جسٹس ریٹائرڈ ناصر اسلم زاہد، جسٹس ریٹائرڈ خلیل الرحمان رمدے، جسٹس ریٹائرڈ اجمل میاں اور ایم کیو ایم کےوکیل بیرسٹر فروغ نسم شامل ہیں۔ وفاقی سیکریٹری داخلہ رکن اور کمیٹی کے سیکریٹری بھی ہونگے۔
یاد رہے کہ ایم کیو ایم نے کارکنان کے ماورائے عدالت قتل اورگرفتاریوں کے خلاف صوبائی اور قومی اسمبلیوں اور سینیٹ سےاستعفےدیئے تھے اور مطالبہ کیا گیا تھا کہ اس معاملے پر شکایت ازالہ کمیٹی قائم کیجائے.
جسکے بعد وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار اور ایم کیو ایم رہنما فاروق ستار نے نو اکتوبر کو مفاہمتی یادداشت پر دستخط کیے تھے، جس کے مطابق ایم کیو ایم کی شکایات کے ازالے کیلئے کمیٹی تشکیل دی جانی تھی.