کراچی: متحدہ قومی موومنٹ کی رابطہ کمیٹی نے اعلان کیا ہے کہ سینئر ڈپٹی کنوینر ڈاکٹر فاروق ستار کے کوآرڈی نیٹر اور ایم کیوایم کے سینئر کارکن آفتاب احمد کی رینجرز کی حراست میں ماورائے عدالت ہلاکت کے خلاف کل بروز بدھ ملک بھرمیں پرامن یوم سوگ منایاجائے گا۔
ایم کیوایم کی جانب سے یوم سوگ کا فیصلہ رابطہ کمیٹی پاکستان اور لندن کے مشترکہ اجلاس میں کیاگیا،ایم کیو ایم کے قائد نے بھی رابطہ کمیٹی کے فیصلے کی توثیق کردی ہے، رابطہ کمیٹی کے اعلان کے مطابق یوم سوگ کے دوران کراچی سمیت ملک بھرمیں کاروبازی مراکز، عمارتوں، چوراہوں، بازاروں ، گلیوں اور دکانوں پر سیاہ پرچم لہرائے جائیں گے ، سیاہ بینرز آویزاں کئے جائیں گے۔
ملک بھرمیں آفتاب احمد شہید کی غائبانہ نمازجنازہ ادا کی جائے گی، ایم کیوایم کے زونل اور علاقائی دفاتر میںشہید کے ایصال ثواب کیلئے قرآن خوانی وفاتحہ خوانی کے اجتماعات منعقد کیے جائیں گے تاہم یوم سوگ کے دوران کاروباری، تجارتی ، تعلیمی سرگرمیاں اورٹرانسپورٹ جاری رہیں گی۔
رابطہ کمیٹی کے اجلاس میں کہاگیا کہ قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکاروںکی جانب سے گزشتہ تین برسوں کے دوران ایم کیوایم کے55 کارکنان کو ماورائے عدالت قتل کیاجاچکا ہے اور آج ایک اور بے گناہ کارکن کو ماورائے عدالت قتل کردیا گیا ہے۔
اجلاس میں کہاگیا کہ ایم کیوایم ایک عوامی جماعت ہے جسے عوام کے مصائب ومشکلات کا اچھی طرح ادراک ہے لہٰذا عوام کی مشکلات اورتکالیف کا خیال رکھتے ہوئے ایم کیوایم کی جانب سے آفتاب احمد کی حراست کے دوران ہلاکت کے خلاف ہڑتال کے بجائے یوم سوگ منانے کافیصلہ کیاگیا ہے۔