کراچی: نگراں وزیر اعظم انوار الحق کاکڑ سے متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) پاکستان کے وفد اور گورنر سندھ کامران ٹیسوری کی ملاقات کا احوال سامنے آگیا۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق ذرائع نے بتایا کہ ایم کیو ایم وفد نے ملاقات میں بجلی ٹیرف میں اضافے پر نگراں وزیراعظم سے نوٹس لینے کا مطالبہ کیا اور کہا کہ 3 روپے کا اضافہ کراچی والوں کے ساتھ زیادتی ہے لہٰذا اسے فوری واپس لیا جائے۔
اس پر انوار الحق کاکڑ نے کہا کہ قانونی پہلوؤں کا جائزہ لے کر اس پر احکامات جاری کیے جائیں گے۔ وفد نے بجلی کی لوڈشیڈنگ پر بھی کی جس پر نگراں وزیر اعظم نے وزیر توانائی کو کے-الیکٹرک سے باز پرس کرنے کی ہدایت کر دی۔
ذرائع کے مطابو ایم کیو ایم وفد نے کہا کہ حلقہ بندیوں پر جو تحفظات رہے انہیں مستقبل میں دور کیا جائے۔ اس پر انوار الحق کاکڑ نے یقین دہانی کروائی کہ اسٹیک ہولڈرز کو اعتماد میں لے کر حلقہ بندیوں پر تحفظات کو دور کیا جائے گا، انتخابات شفاف بنانے کیلیے تمام اسٹیک ہولڈرز اور جماعتیں تجاویز دیں۔
وفد نے مطالبہ کیا کہ شفاف انتخابات کیلیے اچھے افسران کو تعینات کیا جائے۔
اسٹریٹ کرائمز کے حوالے سے گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے نگران وزی راعظم کو آگاہ کیا جس پر انہوں نے کرائمز کو کنٹرول کرنے کیلیے متعلقہ حکام کو ہدایت جاری کی۔
انوار الحق کاکڑ نے اسٹریٹ کرائمز کی بڑھتی وارداتوں کا نوٹس لیا۔ انہوں نے چیف سیکریٹری کو اداروں کے ساتھ مل کر مربوط حکمت عملی بنانے کی ہدایت جاری کی۔