کراچی: ایم کیو ایم پاکستان کے وفد نے سابق وزیراعظم میر ظفر اللہ جمالی سے ملاقات میں سندھ کی سیاسی صورت حال پر گفتگو کی۔
تفصیلات کے مطابق ایم کیو ایم وفد کے وفد نے خالد مقبول کی قیادت میں سابق وزیراعظم میر ظفراللہ جمالی سے ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کی جس میں سندھ کی سیاسی صورت حال سمیت وسائل کی غیر منصفانہ تقسیم اور دیگر امور پر گفتگو کی گئی۔
ذرائع کے مطابق ملاقات میں پیپلز پارٹی کی پالیسیوں پر مشترکہ حکمت عملی بنانے اور سندھ اور بلوچستان میں نئے صوبوں سے متعلق بھی بات چیت کی گئی۔
اس سے قبل سابق وزیراعظم میر ظفر اللہ جمالی نے سندھ ،بلوچستان میں نئے صوبے بنانے کی حمایت کی تھی۔
ملاقات کے بعد ایم کیو ایم کے سربراہ خالد مقبول صدیقی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ صوبے ہر اس جگہ بننے چاہئیں جہاں ضرورت ہو، ظفراللہ جمالی کے تجربے کی پاکستان کو ضرورت ہے۔
دوسری جانب میر ظفر اللہ جمالی کا کہنا تھا کہ میں نے کراچی صوبے کی بات نہیں کی، جو بھی آتا ہے وہ کہتا ہے سرائیکی صوبے کی بات کرتے ہیں، ایک صوبے کا حل نہیں نکال سکتے ہیں تو سندھ، بلوچستان کا کیا کریں گے۔