کراچی: گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری کا کہنا ہے کہ غلطیوں کی وجہ سے طاقت کھو دی اگر طاقت نہ ہو تو حقوق نہیں صرف بخشش ملتی ہے۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق گورنر سندھ کامران ٹیسوری میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کراچی کے لیے کوئی مسیحا نہیں آئے گا ہمیں خود ہی مسیحا بننا پڑے گا، شہر غریب ہوگیا لوگ گھر بیچنے پر مجبور ہیں جس کے پاس گاڑی تھی وہ موٹرسائیکل پر آگیا آج کراچی کے نوجوان بے روزگار ہوگئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ بے روزگاری اور مجبوری کی وجہ سے نوجوان اپنا حق بھی نہیں مانگ پارہے ہیں، کراچی کے لوگ صرف، بجلی۔ گیس، پانی کے انتظار میں ہوتے ہیں، نوجوانوں سے ناکوں پر مجرموں جیسا سلوک رکھا جاتا ہے۔
گورنر سندھ نے فاروق ستار کا شکریہ ادا کرتا ہوئے کہا کہ یہاں موجود ایک ایک ساتھی کا شکریہ ادا کرتا ہوں میرا یہاں آنے کا مقصد صرف اور صرف جوڑنا ہے ہم سب شہر کراچی کے راستوں کی طرح ٹوٹ چکے ہیں، شہر کراچی اور یہاں رہنے والوں کے دلوں پر زخم ہیں۔
کامران ٹیسوری نے کہا کہ ’ہم سب بٹ چکے ہیں ان زخموں پر مرہم نہیں رکھ سکتے، سمندر بھی اس شہر میں ہے لیکن پانی کی بوند بوند کو ترس رہے ہیں، پانی صرف ٹینکر میں موجود ہے۔
’آج لوگوں کے دلوں میں شگوفے پھوٹ رہے ہیں‘ فاروق ستار
ڈاکٹر فاروق ستار نے گورنر سندھ کو مکمل سپورٹ کی یقین دہانی کرواتے ہوئے کہا کہ یہ میری ٹیم ہے یہ سب ایک ساتھ آئیں گے، آج لوگوں کے دلوں میں شگوفے پھوٹ رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ یہ تو صرف رسم ہے اب تاریخ طے کرنی ہے کہ کب جانا ہے، نوجوانوں کی بڑی تعداد انشا اللہ شامل ہوگی، ہم پوری محنت جانفشانی اور نیک نیتی کے ساتھ جائیں گے۔
فاروق ستار نے کہا کہ آج سے پہلے ایسی نیو ایئر نائٹ نہیں منائی، گورنر سندھ کا شکر گزار ہوں کہ میرے گھر تشریف لائے، ہمارا پورا تعاون ان کے ساتھ ہے۔