کراچی: ایم کیو ایم مرکز بحال کمیٹی کے سربراہ فاروق ستار کا کہنا ہے کہ ملکی بقا کے لیے عمران خان اور شہباز شریف میرے ساتھ بیٹھیں۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق سندھ اسمبلی میں نیشنل یوتھ اسمبلی سے ایم کیو ایم مرکز بحالی کمیٹی کے سربراہ فاروق ستار نے کہا کہ ملک اس وقت محاذ آرائی کا متحمل نہیں ہوسکتا۔
انہوں نے کہا کہ اگر عمران خان اور شہباز شریف ساتھ بیٹھ جائیں تو میں کوئی راستہ نکال سکتا ہوں۔
فاروق ستار کا کہنا تھا کہ اس وقت ملک کو فہم و دانش سے کام لینے والے سیاست دانوں کی ضرورت ہے، مولانا فضل الرحمان کردار ادا کرسکتے ہیں لیکن وہ بھی پارٹی بن گئے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ ایک سیاسی جماعت ملک کے ریاستی اداروں کو اپنا مد مقابل سمجھ کر ان کے ساتھ تصادم کے راستے پر چل نکلی ہے ان کے ایسا کرنے سے ملک آئینی طور پر مفلوج ہوسکتا ہے۔
اس سے قبل فاروق ستار کا کہنا تھا کہ میں نے خود کو ایم کیو ایم سے کبھی الگ نہیں سمجھا، اس وقت ایم کیو ایم کے ٹائی ٹینک کو بچانے کی ضرورت ہے اب وہ موقع آگیا ہے اور کارکنوں تک پیغام چلا گیا ہے کہ اب رابطہ کمیٹی کے پاس کوئی جواز نہیں بچتا کہ مجھے اور ایم کیو ایم کو ایک دوسرے سے دور رکھا جائے۔
فاروق ستار کا کہنا تھا کہ ایم کیو ایم میں واپسی کیلیے میری نہ کوئی شرط ہے اور نہ ہی کنونئیر شپ کا جھگڑا، میں خالد مقبول کے ساتھ بیٹھنے کو تیار ہوں جیسے این اے 245 کے الیکشن کے موقع پر تین بار بیٹھے، یہ وہ وقت ہے کہ جب مجھے اور خالد مقبول کو مل کر ایک مضبوط بیانیہ بنانا ہوگا۔
ان کا کہنا تھا کہ انٹرا پارٹی الیکشن میں نئے چہروں کو آگے لانا اور اپنی غلطیوں پر قوم سے معافی مانگنا ہوگی، مجھے نہیں معلوم کہ اس حوالے سے بزرگ کیا کہے رہے ہیں، فیصلہ خالد مقبول اور رابطہ کمیٹی کو کرنا ہے کہ کیا وہ میرے بیانیے سے متفق ہیں۔