کراچی : سربراہ ایم کیوایم پاکستان ڈاکٹرفاروق ستار نے کہا ہے کہ گیس پر اضافی سرچارج لگا کر انڈسٹری کی کمر توڑ دی گئی ہے جس سے اس بات کو تقویت ملتی ہے کہ کسی ایک صوبے کو نوازا جا رہا ہے.
ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے پر ردعمل دیتے ہوئے کیا، ڈاکٹر فاروق ستار نے کہا کہ وفاق کی جانب سے عائد کیے گئے اس بلاجواز ٹیکس کو نہ صرف یہ کہ مسترد کرتے ہیں بلکہ سخت الفاظ میں اس کی مذمت بھی کرتے ہیں.
فاروق ستار نے کہا کہ گیس انفرااسٹرکچرڈویلپمنٹ ٹیکس عائد کر کے صنعتوں کی کمر توڑ دی گئی ہے جس کی وجہ سے سرمایہ کار کافی پریشان نظر آتے ہیں اور اس ٹیکس سے اشیائے صرف کی قیمتوں میں اضافے کے خدشات بھی بڑھ گئے ہیں چنانچہ اس ٹیکس کو فوری طور پر واپس لیا جائے.
سربراہ ایم کیوایم نے کہا کہ آئینی طور ہم گیس انفراسٹریکچر ڈویلپمنٹ ٹیکس دینے کے پابند نہیں ہیں اس کے باوجود اس ٹیکس کے نفاذ سے ایسا محسوس ہوتا ہے کہ جیسے ایک صوبے کو نوازنے کی کوشش کی جارہی ہے.
انہوں نے کہا کہ صرف ایک صوبے کو دیکھنا ہے تو پاکستان نہیں چلے گا اس لیے اگر وفاق کو مضبوط کرنا ہے اور صوبوں کے درمیان حائل خلیجوں کو کم کرنا ہے تو ایسے متعصبانی اقدامات سے گریز کیا جائے.