کراچی: متحدہ قومی موومنٹ کے ناراض رہنما فاروق ستار کا کہنا ہے کہ الیکشن ایک موقع ہے ،ایم کیوایم کے تمام دھڑوں کو اب ایک ہونا ہوگا۔
تفصیلات کے مطابق این اے 245 کے ضمنی الیکشن کے لئے کاغذات نامزدگی منظور ہونے کے بعد الیکشن کمیشن کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے فاروق ستار نے کہا کہ این اے 245 کیلئےمیرے کاغذات منظور کرلئے گئے ہیں، آزاد امیدوار کےطو رپر این اے245 پر الیکشن کا بنیادی مقصد مایوسی ختم کرنا اور عوام کی آواز ایوان بالا تک پہنچانا ہے۔
فاروق ستار نے کہا کہ جاگیرداروں ، وڈیروں سے نمٹنے کیلئے الیکشن میں کھڑا ہورہا ہوں، مہاجر اور سندھی کارڈ استعمال کرنے والوں کو بھی نہیں چھوڑونگا، حلقے کے عوام کو یقین دلاتا ہوں وسیع تریکجہتی پیدا کرکےکراچی کا مقدمہ لڑنا ہے، مجھےامید ہے کہ کراچی کی ایک بھرپور آواز قومی اسمبلی میں پہنچےگی۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے فاروق ستار نے کہا کہ ایم کیوایم کی مختلف شاخیں ہیں، الیکشن موقع دے رہ ہے کہ ایم کیوایم کے تمام دھڑوں کو اب ایک ہوناہوگا، تمام شاخوں کو اب ایک ہونے کی ضرورت ہے۔
یہ بھی پڑھیں: معاہدے پر قائم ہیں، ایم کیو ایم کو جانے نہیں دیں گے، شرجیل میمن
فاروق ستار نے مزید کہا کہ میرا اوڑھنا بچھونا ایم کیو ایم ہے، میں تحریک ایم کیو ایم کا حق پرست نمائندہ ہوں۔
انہوں نے متحدہ پاکستان کے کنویئر خالد مقبول صدیقی کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ خالد مقبول کا سچا دوست ہوں ، خالد بھائی اپنے ارد گرد والوں کو دیکھیں، جو مجھ پر تنقید کرتے وہ پہلے خود کو دیکھیں کہ وہ کس کے وزیر تھے؟ تنقید کرنیوالوں نے چار سال پی ٹی آئی سے نکاح کرکے وزارتوں کے مزے لئے۔
واضح رہے کہ این اے 245 کی نشست پی ٹی آئی کے ڈاکٹر عامر لیاقت کے انتقال کے باعث خالی ہوئی ہے، مذکورہ نشست پر کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال کا آج آخری روز ہے، حلقے میں ووٹنگ ستائیس جولائی کو ہوگی ۔