کراچی: انسداد دہشت گردی عدالت کے جج نے تاخیر سے پیش ہونے پر ایم کیو ایم رہنما کنور نوید جمیل پر 500 روپے جرمانہ عائد کردیا۔
تفصیلات کے مطابق کراچی کی انسداد دہشت گردی عدالت نے ایم کیو ایم رہنماؤں کے خلاف 22 اگست کو میڈیا ہاؤسز حملہ کیس میں آئندہ سماعت پر مدعی مقدمہ کو طلب کرلیا، عدالت نے ملزمان کے تاخیر سے آنے پر برہمی کا اظہار کیا اور کنور نوید جمیل پر 500 روپے جرمانہ عائد کردیا۔
مقدمات کی سماعت کے دوران فاروق ستار، عامر خان، شاہد پاشا، قمر منصور ودیگر ملزمان انسداد دہشت گردی عدالت میں پیش ہوئے۔
تفتیشی افسر نے مدعی مقدمہ کو پیش نہ کرنے کی رپورٹ عدالت میں پیش کی اور عدالت کو بتایا کہ مدعی مقدمہ ایس ایچ او عبدالغفار بیمار ہیں آج پیش نہیں ہوسکتے اگلی تاریخ دے دی جائے۔
مزید پڑھیں: میڈیا ہاؤسز حملہ کیس ، فاروق ستار اور عامر خان سمیت 60 ملزمان پرفردجرم عائد
عدالت نے آئندہ سماعت پر مدعی مقدمہ کو پیش کرنے کا حکم دیتے ہوئے سماعت 22 جون تک ملتوی کردی، واضح رہے کہ آج مدعی مقدمہ ایس ایچ او عبدالغفار کا بیان قلمبند ہونا تھا۔
دوران سماعت ملزمان کے تاخیر سے آنے پر عدالت نے برہمی کا اظہار کیا، عدالت نے کنور نوید جمیل پر 500 روپے جرمانہ عائد کرتے ہوئے رقم ڈیم فنڈ میں جمع کرانے کی ہدایت کردی۔
عدالت نے حکم دیا کہ آئندہ سماعت پر تمام ملزمان وقت پر حاضری یقینی بنائیں، عدالت کیس میں بانی ایم کیو ایم سمیت 9 ملزمان کو اشتہاری قرار دے چکی ہے، ملزمان پر تھانہ آرٹلری میدان میں سرکار کی مدعیت میں دو مقدمات درج ہیں۔