بدھ, فروری 19, 2025
اشتہار

ایم کیو ایم اور کراچی چیمبر کا وزیر اعظم سے ایمرجنسی کی درخواست

اشتہار

حیرت انگیز

کراچی: ایم کیو ایم پاکستان اور کراچی چیمبر نے وزیر اعظم شہباز شریف سے کراچی میں ایمرجنسی کی درخواست کر دی ہے۔

تفصیلات کے مطابق ایم کیو ایم پاکستان کی رابطہ کمیٹی نے وزیر اعظم پاکستان سے ایمرجنسی لگانے کی درخواست کرتے ہوئے کہا کہ کراچی ڈوب گیا، جس شہر کے ٹیکس پر ملک کا بجٹ بنتا ہے وہ ڈوب رہا ہے لیکن کوئی پوچھنے والا نہیں۔

رابطہ کمیٹی نے وزیر اعظم سے درخواست کی کہ کراچی میں ایمرجنسی نافذ کر کے ریسکیو عمل شروع کرائیں، غیر مقامی وزرا اور سیاسی ایڈمنسٹریٹر نے شہر کو لاڑکانہ سے بھی بدتر بنا دیا ہے، شہر ڈوب رہا ہے اور اندرون سندھ سے منتخب وزرا آبائی علاقوں میں عید منا رہے ہیں۔

صدر کراچی چیمبر ادریس میمن نے وزیر اعظم سے درخواست کرتے ہوئے کہا کہ کراچی کو آفت زدہ قرار دیا جائے اور وزیر اعظم شہر کا دورہ کرنے آئیں، پاکستان کا معاشی حب کسمپرسی کی حالت میں ہے۔

انھوں نے کہا ملک کے لیے ٹیکس اور زرمبادلہ کمانے والے شہر کا کوئی والی وارث نہیں ہے، یہ احساس محرومی ختم کیا جائے، اور کراچی کو وفاق کے حوالے کر کے اس کی از سرنو تعمیر کی جائے۔

وزیر اعظم کا بارشوں سے نقصانات پر افسوس، اہم ہدایات جاری

انھوں نے سوال اٹھایا کہ شہر کے ترقیاتی کاموں کے لیے کیوں وفاقی حکومت نے بجٹ میں کچھ نہیں رکھا؟ کراچی کے لیے مختص 11 سو ارب روپے کون خرچ کر رہا ہے، ہمیں تو خبر نہیں، حکومت کوئی بھی ہو شہر کے ساتھ سوتیلی ماں کا سلوک کرتی ہے۔

ادریس میمن کا کہنا تھا کہ شہر کب تک اس حال میں 54 فی صد برآمدی زرمبادلہ کمائے گا، کب تک کراچی اس حال میں 70 فی صد ٹیکس آمدنی کمائے گا، کراچی کی تباہی کا معاوضہ دیا جائے اور ٹیکسوں میں چھوٹ دی جائے۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں