کراچی: ایم کیو ایم پاکستان کے کنوینر ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے کہا ہے کہ کراچی کے امن سے پورے پاکستان کا امن منسلک ہے، کراچی کے حقوق کی جدوجہد سے پیچھے نہیں ہٹیں گے۔
تفصیلات کے مطابق ایم کیو ایم پاکستان کے کنوینر ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وفاق کی جانب سے سنجیدہ قدم اٹھائے گئے ہیں، حکومت سے ہم نے جو وعدہ کیا وہ پورا کیا، مہنگائی پر قابو پانا حکومت کی ذمہ داری ہے۔
انہوں نے کہا کہ شہری علاقے انصاف کے متقاضی ہیں، سندھ سے دارالحکومت کو تو لے گئے مگر کراچی اپنی جگہ موجود ہے، کراچی قائد اعظم کا بنایا ہوا دارالحکومت ہے، آج بھی کراچی معاشی اور صنعتی دارالحکومت ہے، دیکھنا ہوگا کہ 11 سال کی معاشی دہشت گردی کو حکومت کتنا سنجیدہ لیتی ہے۔
مزید پڑھیں: جہانگیر ترین نے خالد مقبول کو کابینہ میں دوبارہ شمولیت کی دعوت دے دی
خالد مقبول نے کہا کہ معیشت جس حال میں ملی تھی وہ صورت حال بہت خراب تھی، شور مچائے بغیر دلیل کے ساتھ اپنا مقدمہ جیتیں گے، کراچی کی ترقی کے بغیر پاکستان کی ترقی ناممکن ہے، سندھ کی تقسیم نہیں ہوسکتی اسے عوام اور کارکنوں نے جوڑا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ایم کیو ایم پر پہلے بڑے الزامات لگتے رہے ہیں، کراچی کی رونقیں بحال کررہے ہیں، طاقتور معاشروں میں کمزور لوگوں کے لیے قوانین بنتے ہیں، ہم لڑے اور جنگ کیے بغیر مقدمہ جیت کر آئیں گے، تنظیم چہروں سے تقسیم نہیں ہوسکتی کارکنان نے جوڑ رکھا ہے۔