کراچی: ایم کیو ایم پاکستان کے رہنما عامر خان اور خواجہ اظہار نے مطالبہ کیا ہے کہ علی رضا عابدی کے قاتل کون ہیں حکومت انہیں بے نقاب کرے۔
تفصیلات کے مطابق ایم کیو ایم پاکستان کے رہنما عامر خان اور خواجہ اظہار نے علی رضا عابدی کے قتل کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ قاتلوں کو بے نقاب کیا جائے۔
ایم کیو ایم رہنما عامر خان نے کہا کہ علی رضا عابدی کا قتل انتہائی افسوسناک واقعہ ہے، وہ ہمارے اچھے ساتھی رہے، ان کی جان کو خطرات لاحق تھے۔
عامر خان نے کہا کہ علی رضا عابدی کو مناسب سیکیورٹی فراہم نہیں کی گئی تھی، محب وطن پاکستانیوں کو نشانہ بنایا جارہا ہے۔
مزید پڑھیں: کراچی: سابق رکن قومی اسمبلی علی رضا عابدی قاتلانہ حملے میں جاں بحق
ایم کیو ایم رہنما خواجہ اظہار نے کہا کہ علی رضا عابدی کے قتل کے کیا مقاصد ہوسکتے ہیں سراغ لگایا جائے، علی رضا عابدی کا قتل امن و امان تباہ کرنے کی سازش ہے۔
میئر کراچی وسیم اختر نے کہا کہ علی رضا عابدی کا قتل انتہائی افسوسناک واقعہ ہے، بہت سے لوگوں کو سیکیورٹی تھریٹس ہیں۔
واضح رہے کہ متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے سابق رہنما علی رضا عابدی فائرنگ سے جاں بحق ہوگئے، انہیں تشویش ناک حالت میں اسپتال منتقل کیا گیا تھا تاہم وہ جانبر نہ ہوسکے۔
علی رضا عابدی کو سر اور گردن میں 2،2 گولیاں لگی تھیں، جائے وقوعہ سے نائن ایم ایم پستول کے 5 خول ملے ہیں جبکہ آئی جی سندھ نے علی رضا عابدی پر فائرنگ کا نوٹس لے کر ڈی آئی جی ساؤتھ سے واقعے کی رپورٹ طلب کرلی ہے۔