کراچی: وفاقی وزیر آئی ٹی ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے کہا ہے کہ پینے کا صاف پانی ہر حکومت کی بنیادی ضرورت ہوتی ہے، کراچی کو سازش کے تحت پانی فراہم نہیں کیا جا رہا۔
تفصیلات کے مطابق متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے کنوینر خالد مقبول نے کہا کہ ریاست کی دوسری ذمہ داری تحفظ ہے، اپنی جماعت کو چھوڑ کر جانا بھی عدم تحفظ کی دلیل ہے۔
خالد مقبول صدیقی نے پریس کلب پر پانی کی عدم فراہمی کے سلسلے میں احتجاجی مظاہرے سے خطاب میں کہا کہ ایم کیو ایم کا قصور پڑھے لکھے متوسط نوجوانوں کو اسمبلیوں میں بھیجنا تھا۔
انھوں نے کہا کہ جبر کرنے والے تھک چکے ہیں، اب انھیں آپ کی ضرورت ہے، آئیں سندھ کے شہری علاقوں کے عوام مہاجروں کو ان کا حق دلائیں۔
مزید تازہ خبریں پڑھیں: کراچی کے لوگ پانی کی بوند بوند کو ترس رہے ہیں: سراج الحق
کنوینر ایم کیو ایم پاکستان کا یہ بھی کہنا تھا کہ پاکستان کا 70 برس کا قرض اگر کوئی اتار سکتا ہے تو وہ یہی جماعت ہے۔
خیال رہے کہ دو دن قبل ایم کیو ایم پاکستان نے شہر قائد میں پانی کے بحران کے خلاف احتجاج کا اعلان کیا تھا، کراچی میں قلت آب کا مسئلہ گمبھیر شکل اختیار کر چکا ہے، ایم کیو ایم پاکستان سندھ حکومت اور واٹر بورڈ کے خلاف میدان میں آ گئی ہے۔
ایم کیو ایم پاکستان کا مؤقف ہے کہ کراچی میں پانی کی چوری اور غیر منصفانہ تقسیم کی وجہ سے شہر بوند بوند کو ترس گیا ہے۔