کراچی: متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے کنوینر خالد مقبول صدیقی نے کہا ہے کہ عمران اسماعیل کے گورنر بننے کے بعد امید ہے کہ سندھ میں شہری علاقوں سے ناروا سلوک میں تبدیلی آئے گی۔
تفصیلات کے مطابق ایم کیو ایم پاکستان کے سربراہ خالد مقبول صدیقی نے امید ظاہر کی ہے کہ تحریکِ انصاف کی گورنر شپ میں سندھ کے شہری علاقوں سے جاری ناروا میں بہتری آئے گی۔
دریں اثنا خالد مقبول صدیقی نے عمران اسماعیل کو گورنر سندھ بننے پر مبارک باد دی، انھوں نے کہا ’تو قع کرتے ہیں عمران اسماعیل بہ حیثیتِ گورنر کلیدی کردار ادا کریں گے۔‘
ان کا کہنا تھا کہ میئر کراچی کے اختیارات کا معاملہ ابھی تک حل نہیں ہو سکا ہے، امید ہے کہ اس معاملے سمیت دیگر امور میں بھی اب پیش رفت ہوگی۔
ایم کیو ایم کے رہنما نے کہا کہ ان کی پارٹی کا مقصد ملک کی ترقی ہے اور وہ میرٹ پر پاکستان کی تقدیر بدلنا چاہتے ہیں۔
عامر لیاقت کا شکوہ
دریں اثنا گورنر سندھ عمران اسماعیل سے تحریکِ انصاف کے اراکین نے ملاقات کی، عشائیے میں پی ٹی آئی اراکین نے شرکت کی تاہم پی ٹی آئی کے رہنما عامر لیاقت کی عدم شرکت کو دیگر اراکین نے بھی محسوس کیا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ عامر لیاقت کو اس بات کا شکوہ ہے کہ انھیں پی ٹی آئی کی طرف سے سوشل میڈیا پر نظر انداز کیا جا رہا ہے۔
پاکستان تحریکِ انصاف کے ذرائع نے بتایا کہ عشائیے کے سلسلے میں عامر لیاقت سے را بطہ کرنے کی کوشش کی گئی تھی مگر ان کا نمبر بند جا رہا تھا۔